خبرنامہ پاکستان

وفاقی وزیر پاور ڈویژن نے کے الیکٹرک اور سوئی سدرن کے تنازع کا نوٹس لے لیا

وفاقی وزیر پاور

وفاقی وزیر پاور ڈویژن نے کے الیکٹرک اور سوئی سدرن کے تنازع کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری نے کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے درمیان تنازع کا نوٹس لے لیا۔ سوئی سدرن اور کے الیکٹرک کے درمیان گیس کا تنازع جاری ہے جب کہ کراچی میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی کے الیکٹرک نے گیس کا بہانہ بنا کر لوڈشیڈنگ میں غیر معمولی اضافہ کردیا ہے۔
ایس ایس جی کا مؤقف
ایس ایس جی ذرائع کا کہنا ہےکہ کے الیکٹرک شہر میں لوڈ شیڈنگ کی ذمے داری ہمارے سر نہ ڈالے، ہماری پہلی ترجیح گھریلو صارفین اور وہ ادارے ہیں جن سے گیس فراہمی کا معاہدہ ہے۔
کراچی میں گرمی شروع ہوتے ہی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بڑھ گئی
ایس ایس جی کا مؤقف ہے کہ وہ متعدد بارکے الیکٹرک کوگیس سپلائی معاہدے کی دعوت دے چکی ہے،2009کے بعد سے واجبات کی ادائیگی نہیں کی گئی، موجودہ انتظامیہ ابراج سے پہلے 2009 تک کےالیکٹرک لیٹ پیمنٹ سرچارج اداکرتی تھی، 2009کے بعد سے واجبات کی ادائیگی نہیں کی گئی۔ ایس ایس جی کا کہنا ہےکہ کے الیکٹرک اپنے صارفین سے بھی لیٹ پیمنٹ سرچارج لیتا ہے، کے الیکٹرک اب گیس سپلائی معاہدہ کرے گا توایل این جی فراہم کرسکتے ہیں۔
وفاقی وزیر پاور ڈویژن کا نوٹس
دوسری جانب وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری نے کے الیکٹرک اور سوئی سدرن کے تنازع کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہےکہ کے الیکٹرک اور سوئی سدرن عوام کو بجلی کی فراہمی کے لیے مسئلہ حل کریں، دونوں ادارے واجبات کی ادائیگی کامعاملہ قانون کے مطابق حل کریں، کےالیکٹرک حکام سوئی سدرن کےواجبات کی ادائیگی جلدممکن بنائیں۔ اویس لغاری نے کہا کہ کراچی میں شدیدگرمی ہے، معاملات حل کرکے شہریوں کو بجلی فراہم کی جائے، کے الیکٹرک عوام کی سہولت کے پیش نظرتمام ممکنہ اقدامات کرے جب کہ نیپرا کراچی میں اضافی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے کر اپنا کردار ادا کرے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک مقررہ کوٹے کے مطابق پوری بجلی فراہم کررہے ہیں، وفاقی حکومت کراچی کےعوام کو درپیش مشکلات سےآگاہ ہے۔