خبرنامہ پاکستان

وفاقی کابینہ کا اجلاس ، دفاعی بجٹ میں دس فیصد اضافہ کرنے کی تجویز

اسلام آباد:(اے پی پی)حکومت کا دفاعی بجٹ میں دس فیصد تک اضافہ کرنے اور سو ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجاویز پر غور ، ٹیکس آمدنی کا ہدف 36 سو ارب رکھنے پر غور ، وفاقی کابینہ میں پیش بجٹ حکمت عملی پیپرز پیش کردیا گیا ۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر خزانہ کی طرف سے آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ حکمت عملی پیپرز پر بریفنگ دی گئی ۔ دنیا نیوز کو موصول معلومات کے مطابق دفاعی بجٹ میں 8 سے دس فیصد اضافہ کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے اور دفاعی بجٹ کا تخمینہ 890 ارب روپے کے لگ بھگ ہو گا اسی طرح نئے بجٹ میں 100 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگانے کی تجویز بھی ہے ۔ یہ ٹیکس مختلف ٹیکس چھوٹ ختم ہونے پر عائد ہوں گے ۔ ترقیاتی بجٹ 700 ارب روپے اور وفاقی وزارتوں کے اخراجات میں بھی چھ فیصد تک اضافہ کرنے کی تجویز بھی ہے ۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کے لیے ٹیکس آمدنی کا ہدف 36 سو ارب رکھنے کی تجویز ہے جبکہ مہنگائی کی شرح کو پانچ فیصد تک رکھنے اور مالیاتی خسارہ 4.3 فیصد تک لایا جائے گا ، اسی طرح معاشی ترقی کی شرح پانچ فیصد تک رکھنے کی تجویز بھی ہے ۔