خبرنامہ پاکستان

وفاقی کابینہ کا فاٹا اصلاحات کیلئے نیا بل منظور کرنے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ کا فاٹا اصلاحات کیلئے نیا بل منظور کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(ملت آن لائن) حکومت نے فاٹا اصلاحات کے معاملے پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے قبائلی رواج بل 2017 کی جگہ نیا بل منظور کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں جاری ہے، اجلاس میں جنوبی ایشیا اور افغانستان کے لیے نئی امریکی پالیسی پر غور کیا جائے گا جب کہ اس دوران خطے کی سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
’پابندیاں اور امداد میں کٹوتی امریکا کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں‘

ذرائع کا کہنا ہےکہ وزارت خارجہ کے حکام کابینہ کو امریکی پالیسی کے بعد سفارتی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فاٹا اصلاحات سے متعلق بڑا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور ایف سی آر کے خاتمے کے لیے کابینہ قبائلی رواج بل 2017 کی جگہ نیا بل منظور کرے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ بل کے ذریعے فوری طور پر سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار فاٹا تک بڑھایا جائے گا اور بل کو فوری پارلیمنٹ میں بھی پیش کیا جائے گا۔
نئے بل کے تحت پاکستان کے معمول کے قوانین کا قبائلی علاقہ جات میں بھی اطلاق ہوگا جب کہ وفاقی حکومت فاٹا اصلاحات پر مرحلہ وار عمل درآمد کرے گی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی جانب سے یہ فیصلہ فاٹا سے متعلق بل قائمہ کمیٹیوں میں پھنسا ہونے کے باعث کیا گیا، حکومت نے اس حوالے سے بل مئی 2017 میں منظوری کے بعد پارلیمنٹ میں پیش کیا تھا تاہم مولانا فضل الرحمان اور محمود اچکزئی نے بل کی مخالفت کی تھی۔
Advertisement