خبرنامہ پاکستان

وفاقی کا بینہ کا اجلاس، متعدد اہم منصوبوں کی منظوری

وفاقی کا بینہ کا اجلاس، متعدد اہم منصوبوں کی منظوری
اسلام آباد:(ملت آن لائن) وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت ہوا۔ کابینہ نے مرتضیٰ خان کو پی او ایف بورڈ کا مالی مشیر مقرر کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں اقوام متحدہ کے ایشیاء اور بحر الکاحل کے معاشی و سماجی کمیشن اور سری لنکا کے انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ ایڈمنسٹریشن اور نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں رحمت اللہ کو بلوچستان سے نیپرا کا رکن بنانے کی بھی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل ذکا اللہ کو شاہ عبد العزیز میڈل آف ایکسی لینس اور ملائشیاء کی مسلح افواج کا اعلیٰ ترین اعزازی ایواڈ اسی طرح فلسطین کی حکومت کی جانب سے پاکستان کے سابق سفیر ضمیر اکرم کو سٹار آف میرٹ ایوارڈ قبول کرنے کی بھی اجازت دی۔ کابینہ نے نیشنل انرجی ایفیشنسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی کا بورڈ آف ڈائریکٹرز تشکیل دینے کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے سگریٹ کے پیکٹوں پر مضر صحت کے حوالے سے ہیلتھ وارننگ کو مزید نمایاں کرنے کی وزارت صحت کی تجویز بھی منظور کر لی۔ کابینہ نے سیکرٹری کابینہ ڈویژن اور دیگر اہم شعبوں میں تعیناتیوں کے دوران خدمات انجام دینے پر سابق سیکرٹری ندیم حسن آصف کو خراج تحسین پیش کیا۔