خبرنامہ پاکستان

ووٹ کو عزت دو کا مقصد عوام کا حق حکمرانی بحال کرنا ہے، وزیراعظم فاروق حیدر

ووٹ کو عزت دو کا مقصد عوام کا حق حکمرانی بحال کرنا ہے،وزیر اعظم فاروق حیدر

راولپنڈی: (ملت آن لائن) آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور قائد پاکستان محمد نواز شریف کے خلاف سازش کو غیور مسلم لیگی کارکن ناکام بنا دیں گے۔ ووٹ کو عزت دو ہمارا منشور ہو گا جس کا مقصد عوام کا حق حکمرانی بحال کرنا ہے۔کشمیریوں کی تقدیر پاکستان سے وابستہ ہے، ہمارا مستقبل پاکستان کے ساتھ جڑا ہے۔ وزیراعظم نے این اے 55 راولپنڈی میں سید مختار حسین گیلانی کی جانب سے منعقدہ ایک با وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ این اے 55 کے بہادر مسلم لیگی شیخ رشید کی حرکات کا بد لہ ووٹ کی طاقت کے ذریعے لیں گے۔ نواز شریف کے پاس بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی جماعت کا پرچم ہے کوئی غیرت مند پاکستانی اس پرچم کو گرنے نہیں دے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف عالمی سازشیں عروج پر ہیں اور ان میں ایک سازش پاکستان کی خالق جماعت مسلم لیگ کو کمزور کرنا ہے۔ ماضی میں بھی جب مسلم لیگ کو کمزور کیا گیا تھا تو ملک کو نقصان ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ لیپہ ٹنل انشا ء اللہ بنے گی کیونکہ یہ لوگوں کے لئے بے حد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ مصطفی بشیر عباسی نے بہترین کام کیا ہے اور لیپہ کے مسائل حل کریں گے سکولوں و کالجوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے علاوہ فائر بریگیڈ کے محکمے کو بھی مضبوط بنایا جائے گا جبکہ سڑکوں کی حالت بہتر بنانے کے لئے فنڈز کی زیادہ سے زیادہ فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ تقریب میں رکن اسمبلی مصطفی بشیر عباسی، رکن کشمیر کونسل عبد الخالق وصی، ملک عبدالقادر اعوان، منیر میرکے علاوہ یوتھ ونگ، ایم ایس ایف، لیبر ونگ اور ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے تقریب کے جوش و خروش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ راولپنڈی کے مسلم لیگی اپنی اصل فارم میں واپس آ چکے ہیں اب یہاں سے شیخ رشید کی خیر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سید مختار گیلانی آف لیپہ کو شاندار تقریب پر مبارک باد دیتا ہوں اور تمام مسلم لیگی کارکنوں کے جوش و جذبے پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر بسنے والے بہادر کشمیری بھارتی فوج کی گولیوں کے سامنے سینہ سپر ہیں جبکہ دوسری جانب مقبوضہ کشمیرتمام تر جبر و استبداد کے باوجود کشمیری عوام سبز ہلالی پرچم سربلند کر رہے ہیں یہ پاکستان، پاکستانی عوام اور پاک فوج کے ساتھ کشمیریوں کی محبت کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وطن عزیز کی سلامتی اور تحفظ کے لئے اپنی پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور اس کام میں ہمارے عزم و استقلال میں کبھی کمی نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نواز شریف سے محبت ہے کیونکہ نواز شریف کو کشمیریوں سے محبت ہے کوئی حربہ ہمارے اور نواز شریف کے اٹوٹ تعلق کو کمزور نہیں کر سکتا۔ ے۔ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ ملک کی سیاسی قیادت کو دیوار سے لگانے کی روش بند ہونی چاہئے اس طرح ملک نہیں چلا کرتے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے آزادکشمیر کو سی پیک میں معقول حصہ دلوایا جس سے ہمارے علاقے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور لوگ خوشحال ہوں گے۔ راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ لیڈروں اور کارکنوں کا پتہ آزمائش میں ہی چلتا ہے اللہ کا شکر ہے کہ اس کے فضل وکرم سے ہمارا لیڈر بھی آزمائش کے اس وقت میں ثابت قدم رہا ہے اور مسلم لیگ کا ہر کارکن بھی ڈٹ کر کھڑا ہے۔۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ کندھے سے کندھا ملا کر آگے بڑھیں تاکہ کوئی ان میں تفرقہ نہ ڈال سکے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوے رکن اسمبلی مصطفی بشیر عباسی نے قائد پاکستان محمد نواز شریف اور فخر کشمیر وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم کارکن راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں اور ان کے ایک اشارے پر سب کچھ لٹانے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بعد اگر کسی علاقے نے ترقی کی ہے تو وہ وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں ترقی کی منازل طے کرنے والا خطہ کشمیر ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے علاقے کی ترقی اور لوگوں کی خوشحالی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا ذکر کیا۔ اس موقع پر سید مختار گیلانی، ملک رفاقت اعوان، ملک منور اعوان، خواجہ غلام حسین، راجہ سعید، ملک رشیداور رفیق شیخ نے بھی خطاب کیا۔