خبرنامہ پاکستان

وکلا کی ہڑتال: شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت 15 فروری تک ملتوی

وکلا کی ہڑتال: شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت 15 فروری تک ملتوی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت وکلا کی ہڑتال کے باعث ملتوی کردی گئی۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے دائر 3 ریفرنسز کی مختصر سماعت کے بعد وکلا کی ہڑتال کے باعث سماعت 15 فروری تک کے لئے ملتوی کردی۔ سماعت شروع ہوئی تو فاضل جج نے استفسار کیا کہ آج گواہ آئے ہیں جس پر ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر عباسی نے کہا کہ سارے گواہاں موجود ہیں، وکیل صفائی ہر تاریخ پر کوئی نہ کوئی بہانہ بنا دیتے ہیں۔ اس موقع پر مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر کی وفات پر سوگ کے اعلان کو بہانہ تو نہ کہیں۔ پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ بار بار گواہوں کا آنا مشکل ہوتا ہے، ہر تاریخ پر گواہ اپنا کام چھوڑ کر آتے ہیں۔ عدالت نے فریقین کے دلائل کے بعد سماعت 15 فروری تک کے لئے ملتوی کردی، عدالت نے استغاثہ کے 4 گواہوں کو آج طلب کیا تھا جن کے بیانات بھی قلمبند نہ ہوسکے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر احتساب عدالت میں پیش ہوئے،گزشتہ سماعت پر نواز شریف کی تقریروں اور قوم سے خطاب کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ بخیال رہے کہ پاکستان بار کونسل نے عاصمہ جہانگیر کی وفات پر یوم سوگ کا اعلان کر رکھا ہے جس کی وجہ سے وکلا آج عدالتو میں پیش نہیں ہوئے۔
کیس کا پس منظر
سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے ہیں جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہے۔ نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن، حسین ، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا ہے۔ العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔