خبرنامہ پاکستان

ویسٹ انڈیزکی میزبانی ؛ پی سی بی اور شائقین کا جوش ٹھنڈا پڑگیا

ویسٹ انڈیزکی میزبانی ؛ پی سی بی اور شائقین کا جوش ٹھنڈا پڑگیا
لاہور:(ملت آن لائن) ویسٹ انڈیزکی میزبانی کے حوالے سے پی سی بی اور شائقین کا جوش ٹھنڈا پڑگیا،آئندہ سال پی ایس ایل کی مصروفیات کے بعد مدعو کرنے پر غور کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق رواں ماہ ویسٹ انڈین ٹیم کی لاہور میں میزبانی کا منصوبہ کھٹائی میں پڑ چکا۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسموگ کی وجہ سے 3ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کی امیدوں پر پانی پھر گیا، دوسری طرف کئی کیریبیئن کرکٹرز کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیے جانے کے ساتھ پُرکشش معاوضوں پر بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں شرکت کی وجہ سے مہم کمزور پڑنے کا تاثر بھی سامنے آیا۔ اس صورتحال میں پی سی بی کے ایوانوں میں بدستور خاموشی چھائی ہوئی ہے،بورڈ کا کوئی عہدیدار رسمی بیان جاری کرنے کی بھی ضرورت محسوس نہیں کررہا،ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال اس منصوبے پر کام کرنے کے بجائے فروری میں پی ایس ایل کے بعد موزوں وقت تلاش کیے جانے پر غور ہورہا ہے۔ پاکستانی کرکٹرز کے شیڈول کو دیکھا جائے تو رواں ماہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے بعد دسمبر میں کوئی مصروفیت نہیں، جنوری میں دورئہ نیوزی لینڈ اور فروری میں پی ایس ایل کا انعقاد ہونا ہے، چھٹی ٹیم متعارف کرائے جانے کی وجہ سے اس بار ایونٹ طویل ہوسکتا ہے۔