خبرنامہ پاکستان

ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کیلئے نوجوان کھلاڑیوں کو آزمانے کا فیصلہ

ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کیلئے نوجوان کھلاڑیوں کو آزمانے کا فیصلہ

شارجہ:(ملت آن لائن) ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کے لئے قومی ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ سابق کپتان محمد حفیظ کو کھلانے کا امکان نہیں ہے۔ فٹنس مسائل کے باعث سلیکشن کمیٹی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے کھلاڑیوں کے انتخاب میں مشکلات کا سامنا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان پی ایس ایل فائنل کے دوران کیا جائے گا جب کہ قومی سلیکشن کمیٹی نے ٹیم کو حتمی شکل دینے کے لئے مشاورت کا بھی آغاز کردیا اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ سلیکشن کمیٹی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے آصف علی، حسین طلعت اور آغا سلمان کے ناموں پر غور شروع کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی جس کا آغاز یکم اپریل سے ہوگا۔ سابق کپتان محمد حفیظ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں آرام دیا جائے گا جب کہ فاسٹ بولر محمد عرفان ٹیم میں واپسی کے مضبوط امیدوار ہیں اور ان فٹ رومان رئیس کی جگہ عثمان شنواری کی ٹیم میں واپسی ہوگی۔