خبرنامہ پاکستان

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا نیب سے کے پی کے میں بےضابطگیوں کے نوٹس کا مطالبہ

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا نیب سے کے پی کے میں بےضابطگیوں کے نوٹس کا مطالبہ

لاہور:(ملت آن لائن) ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس (ر) جاوید اقبال سے خیبر پختونخوا میں بےضابطگیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ صوبائی احتساب کمیشن کے ایک کمشنر کی طرف سے صوبائی وزیر کے خلاف الزامات اور کمیشن کے اہم افسر کے غیر قانونی تقرر اور دیگر غلط کاریوں کے الزامات کا نوٹس لیا جائے۔ چیئرمین نیب کو لکھے گئے خط میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے ڈیلی دی نیوز انٹرنیشنل اور روزنامہ جنگ کی 20 مارچ 2018ء کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ الزامات درست ہیں اور ان میں کوئی وزن ہے تو یہ احتساب آرڈیننس 1999 کے سیکشن 9 کی خلاف ورزی ہے اور اس پر 1999 کے آرڈیننس کے سیکشن 10کے تحت گرفت ہو سکتی ہے اور چیئرمین نیب ایسا کر سکتے ہیں۔ چیئرمین نیب سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں اور کمیشن کے کمشنر کے سنگین الزامات کا جائزہ لیں۔ خط کے مطابق میڈیا رپورٹ میں صوبائی حکومت کے ایک وزیر کے خلاف ایک کمشنر نے کئی الزامات لگائے ہیں۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کمشنر سیدہ ثروت جہاں نے بے قاعدگیوں، غیر قانونی تقرریوں، حقائق چھپانے اور کے پی احتساب کمیشن کی طرف سے اختیار کے ناجائز استعمال کی نشاندہی کی ہے۔ کمیشن پہلے ہی قومی خزانے سے 60 کروڑ روپے ہضم کر چکا ہے، ایک کرپٹ کو سزا دلوا سکا ہے اور نہ ہی ایک پیسہ برآمد کرایا گیا ہے۔