خبرنامہ پاکستان

ٹرمپ کی جیت کے بعد امریکہ کا جھکاؤ ہندوستان کی جانب:قریشی

لاہور: (ملت+اے پی پی) دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ٹرمپ کی جیت سے بیرونی محاذ پر غیریقینی کا تاثر عام ہو رہا ہے جبکہ علاقائی صورتحال میں امریکہ اور اس کی نئی انتظامیہ کا جھکاؤ بھی ہندوستان کی جانب ہو گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکی نتائج خلاف توقع ہی نہیں انہوں نے دنیا کو ہلا دیا ہے۔ امریکہ بری طرح پولرائزیشن کا شکار ہوا ہے ان کے اندر کی تقسیم واضح ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک نیو کلیئر پاور کی حیثیت سے ہم امریکہ کو خطہ میں نیوٹرل کر سکتے تھے مگر ہم اس میں ناکام رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر دنیا میں کہرام مچ جانا چاہیے تھا مگر مضبوط انڈین لابی کی وجہ سے ایسا نہیں ہو سکا۔