خبرنامہ پاکستان

ٹرین حادثات پر حکومتی رویہ شرمناک ہے: عمران

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے شیخوپورہ ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ٹرین حادثات پر حکومتی رویہ شرمناک ہے‘ وزیر ریلوے کو اپنے محکمے کی حالت دیکھ کر حیا آنی چاہئے‘ انہیں اپنی وزارت کے معاملات سے کوئی دلچسپی نہیں‘ سعد رفیق کو چرب زبانی اور نواز شریف کی غلامی زیادہ اچھی لگی ہے‘ سعد رفیق کو وزیراعظم اور ان کے خاندان کی لوٹ مار بچانے کی فکر ہے۔ منگل کو شیخوپورہ میں ٹرین حادثے کے واقعے پر اپنے ردعمل میں عمران خان نے کہا کہ ٹرین حادثے پر حکومتی رویہ شرمناک ہے۔ سعد رفیق کو چرب زبانی اور شریفوں کی غلامی زیادہ بھائی ہے۔ حکومت ریلوے کراسنگ پوائنٹس تک کو محفوظ نہیں بنا سکی۔ انہوں نے کہا کہ سعد رفیق کو وزیراعظم اور ان کے خاندان کی لوٹ مار بچانے کی فکر ہے۔ حادثات میں بڑے مجرموں کو بچانے کی کوئی کوشش قبول نہیں۔ وزیر ریلوے کو اپنی وزارت کے معاملات سے کوئی دلچسپی نہیں وزیر ریلوے کو اپنے محکمے کی حالت دیکھ کر حیا آنی چاہئے۔ (ن غ)