خبرنامہ پاکستان

ٹرین میں کھولا گیا پیزا ریسٹورنٹ افتتاح کے دوسرے روز ہی بند

کراچی:(اے پی پی) محکمہ ریلوے کی جانب سے ٹرین کی بوگی میں کھولا گیا پیزا ریسٹورنٹ افتتاح کے دوسرے روز ہی آدھا بند کرنا پڑا۔ ناقص منصوبہ بندی کے باعث اس منصوبے کو پذیرائی نہ مل سکی۔ آئیڈیا اچھوتا ہی سہی ، ناقص منصوبہ بندی ، خطرناک سیڑھیوں ، گرمی اور شور کے باعث محکمے ریلوے کی جانب سے بوگی میں بنائے جانے والے پیزا ریسٹورنٹ کو پذیرائی نہ مل سکی ۔ بوگی ریسٹورنٹ کے ساتھ ساتھ باہر لگائی گئی کرسیاں بھی گاہکوں سے محروم ہیں ، آدھے ڈبے پر تالے لگے ہیں۔ شہر کے حب آئی آئی چندریگر روڈ پر سٹی اسٹیشن کے احاطے میں قائم ریسٹورنٹ عوامی امیدوں پر پورا تو نا اترا تاہم ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آئیڈیا نیا ہے ، لوگوں کو قبول کرنے میں وقت درکار ہوگا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انوکھے آئیڈیا کو کامیاب بنانے کے لیے معیار اور ذائقہ بڑھانے کے ساتھ ساتھ صارفین کی سہولیات میں بھی اضافہ کرنا ہوگا۔