خبرنامہ پاکستان

ٹنڈو محمد خان میں 7 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد زندہ جلادیا گیا

ٹنڈو محمد خان میں 7 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد زندہ جلادیا گیا

لاہور:(ملت آن لائن) ٹنڈو محمد خان میں 7 سال کی بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد زندہ جلادیا گیا۔ پولیس کے مطابق گوٹھ سومار ماچھی کی رہائشی متاثرہ بچی کا 20 فیصد جسم جھلس گیا ہے جو مقامی اسپتال میں زیر علاج ہے۔ سول سرجن ڈاکٹر امیر علی چنہ کا کہنا ہے کہ بچی کا میڈیکل مکمل کرلیا گیا ہے۔ پولیس سرجن نے کہا کہ بچی کو زیادتی کے بعد جلانے کی کوشش کی گئی ہے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ والد نے روزگار پر جانے سے قبل بچی کو موسیٰ نامی پڑوسی کے گھر چھوڑا تھا جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی جاوید عالم کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ مبینہ زیادتی کے واقعے کا آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی حیدراباد سے رپورٹ طلب کر لی۔
…………………………..
کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسزکی گاڑی پر فائرنگ سے 4 اہلکار شہید

کوئٹہ:(ملت آن لائن) لانگو آباد میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 اہلکار شہید ہوگئے۔ کوئٹہ کے علاقے لانگو آباد میں دہشت گرد گشت پر مامور سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ جس کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دہشت گردی کی کارروائی کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے فورسزکی گاڑی پر مختلف اقسام کے ہتھیاروں سے فائرنگ کی ہے، گولیوں کے خول قبضے میں لے کر واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔