خبرنامہ پاکستان

ٹکٹوں کی غلط تقسیم کا الزام،پی ٹی آئی کارکنوں کا احتحاج جاری

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے نالاں پی ٹی آئی کارکنوں کا بنی گالہ رہائش گاہ کے باہر احتجاج تیسرے روز بھی جاری ہے۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ الیکشن 2018 کیلئے پارٹی قیادت نے تبدیلی کا نعرہ تو لگائی تاہم ٹکٹ پرانے چہروں کو ہی ملے۔

سال 2018 کے انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم پر ناراض پی ٹی آئی کارکنان بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر تیسرے روز بھی موجود ہیں۔

مشتعل مظاہرین کی جانب سے گھر کا گیٹ عبور کرکے اندر داخل ہونے کی کوشش بھی کی گئی، اسی دوران متعدد کارکنوں کی سیکیورٹی پر مامور اہل کاروں سے ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ احتجاج کے پیش نظر عمران خان نے ٹکٹوں کے اجرا پر نظر ثانی پر آمادگی تو ظاہر کردی، تاہم کارکنان واپس جانے پر تیار نہ ہوئے۔

دوسری جانب کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ نے سیکیورٹی کیلئے رینجرز تعینات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ اپنے حق اور ٹکٹ کیلئے دیگر شہروں سے بھی کارکنوں نے بنی گالہ کا رخ کرلیا ہے، جب کہ ملتان، سوات، دیر، گجرانوالہ، گجرات سے پہلے ہی کارکنان بنی گالہ میں موجود ہیں۔

اس سے قبل کپتان بار بار مظاہرین کومنانے باہر آئے مگر ناکام رہے۔ ٹکٹوں کی تقسیم پر نظر ثانی کا اعلان بھی احتجاجی کھلاڑیوں کا غصہ ٹھنڈ نہ کر سکا اور احتجاج کا سلسلہ جاری رہا۔ جہانگیر ترین کے آنے پر بھی مظاہرین نے گھیراؤ کیا۔ صورتحال کو بھانپتے ہوئے کپتان کو خود خطاب کرنا پڑا۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے باقی حلقوں کیلئے اُمیدواروں کا اعلان 72 گھنٹے کیلئے مؤخر کر دیا، پارلیمانی بورڈ کے ارکان کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کا پارلیمانی بورڈ نئے امیدواروں کا اعلان 3 روز بعد کرے گا۔