خبرنامہ پاکستان

ٹیسٹ رینکنگ میں ساتویں پوزیشن پاکستانی پاؤں کی زنجیر بن گئی

ٹیسٹ رینکنگ میں ساتویں پوزیشن پاکستانی پاؤں کی زنجیر بن گئی
دبئی:(ملت آن لائن) ٹیسٹ رینکنگ میں ساتویں پوزیشن پاکستان کے پاؤں کی زنجیر بن گئی۔
پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں ساتویں نمبر پر موجود اور اسکے پوائنٹس کی تعداد 88 ہے، بھارت سے کولکتہ ٹیسٹ ڈرا کرنے والی سری لنکن ٹیم اس سے پورے 6 پوائنٹس آگے چھٹے نمبر پر موجود ہے، اگر آئی لینڈرز کو بھارت کے ہاتھوں باقی دونوں میچز میں شکست بھی ہوجائے تب بھی اس کی چھٹی پوزیشن کو کوئی خطرہ نہیں اور پاکستان کو بدستور ساتویں نمبر پر رہنا پڑے گا۔
ادھر جمعرات سے شروع ہونے والی ایشز سیریز میں آسٹریلیا کے پاس انگلینڈ کو پیچھے چھوڑنے کا موقع موجود ہے۔ اس وقت انگلش ٹیم 105 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے،کینگروز ہوم ایڈوانٹیج کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاکر اپنی موجودہ پانچویں پوزیشن سے ترقی پا سکتے ہیں۔گر میزبان سائیڈ 2-0 یا بہتر مارجن سے سیریز جیتے تو پھر وہ انگلش ٹیم سے آگے نکل جائے گی،اگر وہ وائٹ واش کرے تو پھر مہمان سائیڈ کے پوائنٹس 98 رہ جائیں گے، البتہ اگر انگلینڈ کلین سوئپ کرے تو پھر اس کے پوائنٹس کی تعداد 110 ہوجائے گی، مگر اس صورت میں بھی اس کو تیسرے ہی نمبر پر رہنا پڑے گا کیونکہ دوسری پوزیشن کی حامل جنوبی افریقی ٹیم کے پوائنٹس کی تعداد 111 ہے، بھارت ٹاپ پر 125 پوائنٹس کے ساتھ براجمان ہے۔
دوسری جانب بیٹسمین رینکنگ میں ایک درجہ ترقی پاکر اظہر علی نویں نمبر پر پہنچ گئے، ٹاپ پر آسٹریلوی قائد اسٹیون اسمتھ موجود تاہم انھیں دوسرے درجے کے حامل انگلش کپتان جوئے روٹ سے سخت مسابقت کا سامنا ہے جب کہ بولرز میں پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ بدستور 15 ویں پوزیشن جبکہ ٹاپ پر انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن براجمان ہیں۔