خبرنامہ پاکستان

ٹی اوآرزپرحکومت اوراپوزیشن آگےبڑھ رہےہیں:جام کمال

اسلام آباد: (اے پی پی) وزیر مملکت پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال خان نے کہا ہے کہ ٹی او آرز پر حکومت اور اپوزیشن آگے بڑھ رہے ہیں ، حکومت نے ماہ رمضان میں یوٹیلٹی سٹور کے ذریعہ ملک بھر کے عوام کے لئے سبسڈی دی ہے ۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ٹی او آرز پر معاملات آگے بڑھ رہے ہیں ۔ دونوں اطراف سے نیت اور ارادہ درست ہوں تو منزل پر پہنچا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاناما ٹی او آرز پر حکومت نے اپنا واضح موقف پیش کیا ہے کہ اگر ٹی او آرز کسی ایک کی ذات کے لئے ہیں تو پھر یقیناً اس پر پیش رفت ممکن نہیں ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ احتساب کے لئے حکومت تیار ہے لیکن سب کا احتساب ہوگا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے ماہ رمضان میں ملک بھر میں یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعہ اشیائے خوردو نوش پر سبسڈی دی جبکہ ملک بھر میں یوٹیلٹی سٹورز کے نیٹ ورک کو مزید بڑھایا جارہا ہے۔