خبرنامہ پاکستان

ٹی وی چینلز کی نشریات میں خلل، تعطل پر فوری کاروائی کی جائیگی، پیمرا

اسلام آباد(ملت آن لائن) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ملک بھر کے کیبل آپریٹرز کو کسی قسم کی ایسی سرگرمی کا حصہ بننے سے خبردار کیا ہے جو پیمرا قوانین یا مروجہ قواعد و ضوابط کے منافی ہو۔

بدھ کو جاری ایک حکم نامے میں اتھارٹی نے کیبل آپریٹرز کو خبردار کیا ہے کہ ضابطے کی خلاف ورزی یا پیمرا کے لائسنس یافتہ ٹی وی چینلوں کی نشریات میں خلل، تعطل، جزوی یا مکمل بندش کی صورت میں اتھارٹی فوری طور پر حرکت میں آئے گی اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔

اتھارٹی نے مذکورہ حکم نامے میں ریگولیٹر کی رِٹ کی بحالی کے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے تمام ٹی وی کیبل آپریٹرز کو پیمرا قوانین کی پاسداری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عدم پیروی کی صورت میں پیمرا قوانین کے مطابق سخت کاروائی کی جائے گی۔