اسلام آباد:(ملت آن لائن) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہم پارلیمنٹ میں فساد پھیلانا نہیں چاہتے۔ گالم گلوچ سے سیاست نہیں چلے گی، ایوان کا ماحول درست رکھیں، یہ سب کے لیے اچھا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 5 سال کے بجائے 3 مہینوں کے فسادیوں کا ریکارڈ مانگ لیں۔
خورشید شاہ نے کہا کہ 5 سال کا ریکارڈ مانگیں گے تو بائیں جانب کوئی نہیں بچے گا۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید جمہوریت کے لیے رول ماڈل تھیں، ایک نیا ایئر پورٹ بنا جس کا نام بے نظیر بھٹو ایئرپورٹ رکھا گیا۔ کچھ دوستوں کو اعتراض ہوا نام تبدیل کر کے اسلام آباد ایئر پورٹ رکھ دیا۔ ایئر پورٹ کا نام بے نظیر ہو یا نہ ہو، بے نظیر بھٹو شہید کا نام قائم رہے گا۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ عدالت کیوں رکھتے ہیں اس پر احتجاج بھی نہیں کریں گے، رواج چل پڑا ہے پہلے کہتے تھے قائد اعظم کا پاکستان اب کہتے ہیں نیا پاکستان۔
انہوں نے کہا کہ کل ایک ناخوشگوار واقعہ ہوا، ہم پارلیمنٹ میں فساد پھیلانا نہیں چاہتے۔ اسپیکر کی جانب سے بلایا گیا، اپوزیشن ارکان حاضر ہوئے۔ اسپیکر کے بلانے کے باوجود حکومتی رکن تشریف نہیں لائے۔
سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ گالم گلوچ سے سیاست نہیں چلے گی۔ ایوان کا ماحول درست رکھیں، یہ سب کے لیے اچھا ہوگا۔