خبرنامہ پاکستان

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانا اچھا اقدام ہے:خورشید شاہ

اسلام آباد(آئی این پی)قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بینرز پر حکومت نے توجہ نہ دی،یہ وزرات داخلہ کی ذمہ داری ہے،یہ بینرز پانامہ سے زیادہ خطرناک ہیں،آزادکشمیر کے معاملہ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اٹھاؤں گا،وزیراعظم نواز شریف اس معاملے کو دیکھیں۔ جمعہ کو قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اپوزیشن کی آپس میں مشاورت ہوچکی ہے اور اسحاق ڈار سے ملاقات پیر کو ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بینرز پر حکومت نے توجہ نہ دی ۔یہ وزرات داخلہ کی ذمہ داری ہے۔ یہ بینرز پانامہ سے زیادہ خطرناک ہیں۔خوشی ہوئی کہ آئی ایس پی آر نے بینرز کی وضاحت کردی ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ اگر ہمارے امیدواروں کو کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔پیپلز پارٹی کا خون سستا نہیں ہے۔فیصل راٹھور پر فائرنگ کے معاملے پر آئی جی اسلام آباد سے بات کی تو انہوں نے کہاکہ آپ جانتے ہیں کہ واقعہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اتنا بڑا عہدہ رکھنے والا نوکری بچانے کیلئے ایسی بات کرتا ہے تو دکھ ہوتا ہے،فیصل راٹھور سے کہا کیا کہ اوپر سے حکم آیا ہے کہ ایف آئی آر درج نہ کریں،حکومت سے کہوں گا کہ آئی جی اسلام آباد کو بلا کر جواب طلب کیا جائے،مقبوضہ کشمیر پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانا اچھا اقدام ہے۔(خ م)