خبرنامہ پاکستان

پاناما لیکس؛وزیراعظم کیخلاف درخواست کی سماعت

کراچی:(اے پی پی) پاناما لیکس کے چرچے لاہور ہائیکورٹ کے بعد اب سندھ ہائیکورٹ میں بھی، عدالت نے وزیراعظم کے خلاف کارروائی کےلئے درخواست کی سماعت ملتوی کردی۔ سندھ ہائیکورٹ میں وزیراعظم کے خلاف نا اہلی کی کارروائی کے لئےدرخواست کی سماعت ہوئی جس میں چیف جسٹس سجاد علی شاہ نے درخواست گزار سے استفسار کیا بتائیں پناما لیکس میں وزیراعظم یا ان کی اہلیہ کا نام کہاں لکھا ہے؟ درخواست گزار مولوی اقبال حیدر نے جواب دیا کہ میاں صاحب کا تو نہیں بلکہ ان کے صاحبزادے اور صاحبزادی کا نام شامل ہے۔ درخواست گزار کے جواب میں عدالت نے ریماکس دیے بچوں کی شادیاں ہوچکی ہیں اور وہ خود مختار ہیں۔ وزیراعظم کے خلاف کارروائی کا حکم کیسے دے سکتے ہیں؟ عدالت نے ہدایت کی آئندہ سماعت پر بتایا جائے کہ کیا ان دستاویز میں کہیں بھی وزیراعظم یا انکی اہلیہ کا نام شامل ہے؟ تاکہ عدالت کوئی حکم جاری کرے۔ پاناما لیکس کے منظرعام آنے پر اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعطم میاں محمد نواز شریف سے استعفی کا مطالبہ کیا ہے۔ جب کہ وزیراعظم پاناما لیکس پر تحقیقات کےلئے عدالتی کمیشن بنانے کا اعلان کرچکے ہیں۔