خبرنامہ پاکستان

پاناما لیکس: وزیر اعظم نواز شریف فوری مستعفی ہوں،عمران خان

اسلام آباد(آن لائن) پاناما لیکس میں شریف خاندان کا نام آنے پرچیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔عمران خان نے کہا ہے کہ نیب اتنی بڑی کرپشن پر ایکشن نہیں لے سکتا تو ادارہ بند کر دیں۔چیئرمین تحریک انصاف نے اپنے ٹوئٹ پیغام میں کہا کہ الیکشن کمیشن کب تک شریف فیملی کو بچائے گا، ثبوت ملنے پر نیب کوفوری ایکشن لینا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے بچوں نے ٹی وی پر اپنے اثاثوں سے متعلق غلط بیانی کی ، برطانوی اخبار کے انکشافات کے بعد ٹیکس چوری سے متعلق ہماری باتیں سچ ثابت ہوگئیں،شریف خاندان کی دولت باہر پڑی ہوئی ہے ،ان کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو کو پاناما لیکس سے اتنی بڑی کرپشن کے ثبوت مل گئے ہیں ان کو فوری طور پر ایکشن لینا چاہیے اگر ایسا نہیں ہو سکتا تو نیب ادارہ کو بند کر دیا جائے،انہوں نے کہا کہ برطانوی اخبار کے انکشاف کے بعد آئس لینڈ کے وزیراعظم مستعفیٰ ہورہے ہیں، ہمارے الیکشن کمیشن کو بھی معاملے کا نوٹس لینا چاہیے اور قومی احتساب بیورو (نیب) اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) اب شریف خاندان کے خلاف بھی کارروائی کرے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز آف شور ٹیکس کے حوالے سے کام کرنے والی پاناما کی مشہور لا فرم موزیک فانسیکا کی افشا ہونے والی انتہائی خفیہ دستاویزات سے پاکستان سمیت دنیا کی کئی طاقت ور اور سیاسی شخصیات کے مالی معاملات عیاں ہو گئے۔#/s#