خبرنامہ پاکستان

پاناما لیکس ہو یا وزیر اعظم کا احتساب، سمجھوتہ نہیں‌کریں گے: تحریک انصاف

لاہور /بنی گالہ (ملت + آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف نے پاناما لیکس کی تحقیقات اور وزیراعظم کے احتساب پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔تحریک انصاف کی میڈیا کمیٹی کا اہم اجلاس چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت بنی گالا میں ہوا، اجلاس میں اسدعمر، شیریں مزاری اور فیصل جاویدکے علاوہ کمیٹی ممبران نے شرکت کی۔ عمران اسماعیل اور افتخار درانی بھی موجود تھے۔اجلاس میں دھرنے کے حوالے سے حکومتی پراپیگنڈے، لغور اور من گھڑت اطلاعات کے اجرا پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں پاناما لیکس سے توجہ ہٹانے کیلئے سرکاری وسائل اور اداروں کے بے دریغ استعمال کت ساتھ ساتھ حکومتی وزرا کی جانب سے ریاستی اداروں کی بلیک میلنگ کی کوششوں کا بھی مفصل جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومتی پراپیگنڈے سے کسی طور مرعوب نہیں ہوا جائے گا اور جھوٹے پراپیگنڈے، بلیک میلنگ، الزام تراشی اور حکومتی طعن و تشنیع کا ڈٹ کے مقابلہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر پانامہ کے اثرات اور حکومتوں کے اس پر ردعمل پر بحث بھی ہوئی اور پاناما لیکس کی تحقیقات اور وزیراعظم کے احتساب پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔