خبرنامہ پاکستان

پاناما لیکس یا اس قسم کے دوسرے لیکس کو اہمیت نہیں دیتا، مولانا فضل الرحمان

پشاور:(اے پی پی) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاناما لیکس جیسی باتوں کو اہمیت نہیں دیتے کیونکہ اس قسم کی چیزیں آتی رہتی ہیں۔ پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس میں دنیا بھر کے سیاسی رہنماؤں کے نام ہیں، پاناما لیکس جیسے لیکس پہلے بھی آتے رہے ہیں، پہلے وکی لیکس آیا اس کے بعد پاناما لیکس اور پھر کوئی اور لیکس آجائے گا۔ وہ انہیں اہمیت نہیں دیتے۔ پاناما لیکس میں یہ بات غور طلب ہے کہ بیرون ملک لوٹا ہوا مال ہے یا جائز مال ہے، اگر جائز مال ہے اور وہ بھی اتنا زیادہ ہے کہ اس سے ملک کے قرضے ختم کیے جاسکتے ہیں تو اسے یہاں لانے میں کیا قباحت ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم نے کمیٹی بنادی ہے، ہمیں اس کی تحقیقات کا انتظار کرنا چاہیے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا حقوق نسواں بل اسلامی نظریاتی کونسل نے مسترد کردیا ہے جب کہ حقوق نسواں بل پروزیراعلیٰ پنجاب سےمذاکرات کےلیےکمیٹی بنادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسٹم ایکٹ کے نفاذ کا فیصلہ مالاکنڈ کے عوام کو کرنا چاہیئے۔