خبرنامہ پاکستان

نوازشریف کو اب جدہ نہیں اڈیالہ جانا ہے، عمران خان

اسلام آباد(ملت آن لائن)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پاناما کیس کی سماعت کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے جو کچھ عدالت میں پیش کیا وہ سب جھوٹ ثابت ہوا اس لئے نوازشریف یا خود استعفا دیں گے یا انہیں نکالا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے جو کچھ عدالت میں پیش کیا وہ سب جھوٹ ثابت ہوا، سب کو پتا چل چکا ہے نوازشریف پکڑے گئے ہیں، وزیراعظم کو اب جدہ نہیں بلکہ اڈیالہ جانا ہے۔

شریف خاندان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں ڈالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہزاروں اور لاکھوں کی چوری پر لوگ جیلوں میں ڈالے ہوئے ہیں یہاں تو اربوں روپے کی چوری کی گئی، اگر جے آئی ٹی رپورٹ کی جلد 10 کو سامنے لے آیا گیا مزید چیزیں سامنے آئیں گی۔

عمران خان نے کہا کہ نوازشریف آج کہہ رہے ہیں کہ میرا قصور کیا ہے، جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد پتا لگا نوازشریف کا بزنس ہی کرپشن کا ہے، انہوں نے کمپنیاں بنائی اور فرنٹ مین رکھے ہوئے ہیں، لندن میں تو ان کی دس کمپنیاں نکل آئیں جو سب خسارے میں تھیں۔