خبرنامہ پاکستان

پاناما کے باقی کرداروں کا بھی احتساب کیا جائے ، سراج الحق

پاناما کے

پاناما کے باقی کرداروں کا بھی احتساب کیا جائے ، سراج الحق

حکمرانوں کو کوئی نہیں بچاسکتا،جنوبی پنجاب کو الگ انتظامی یونٹ بنائیں گے انصاف نہ ملاتو چوراہوں پر عدالتیں لگیں گی،بہاولپور کو اس کا حق دینگے

ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ جماعت اسلامی پاکستا ن کے امیر و سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ پانامالیکس کے باقی 436 چوروں کا بھی احتساب کر ے اور انہیں ہتھکڑیاں لگائے ، اگر عدالتوں سے انصاف نہ ملا تو چوراہوں پر عدالتیں لگیں گی۔ میری لڑائی ظالموں ، جاگیرداروں ، سرمایہ داروں اور حکمرانوں سے ہے ،اگر ہماری حکومت قائم ہوئی توبہاولپور کو اس کا حق دیں گے اور جنوبی پنجاب کو الگ انتظامی یونٹ بنائیں گے ۔ ڈیرہ غازی خان میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اﷲ نے پکڑا ،میاں صاحب !آپ کوناموس رسالتؐ کے قانون کو تبدیل کرنے والوں کو چھپانے پر نکالا گیا ۔ سراج الحق نے کہا کہ سپریم کورٹ شعرو شاعری کے بجائے پاناما پیپر زمیں شامل تمام افراد کو سزا دے ، گزشتہ3دہائیوں سے ایک ہی خاندان حکمران چلا آرہاہے ، عوام کے ووٹ دینے کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی مغل بادشاہ بن جائے ۔پنجاب کا62 فیصد بجٹ صرف لاہور پر خرچ کیاجاتاہے ۔ پیپلز پارٹی اور(ن) لیگ نے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے سے متعلق ہمیشہ دروغ گوئی کی، اگر ہماری حکومت قائم ہوئی توبہاولپور کو اس کا حق دیں گے اور جنوبی پنجاب کو الگ انتظامی یونٹ بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چور حکمران اگر غلاف کعبہ میں بھی چھپ جائیں تو ان کو وہاں سے بھی نکال کر قانون کے کٹہرے میں لائیں گے ، حکمرانوں کو اب کوئی نہیں بچا سکتا ۔ اس ملک میں صرف اسلامی نظام رائج کریں گے ،آئندہ الیکشن حکمرانوں کا یوم حساب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نذیر شہید کی شخصیت میری آئیڈیل رہی ہے ،اس موقع پر صوبائی نائب امیر صوبہ پنجاب شیخ عثمان فاروق نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ظلم کے خلاف جدوجہد کر کے اپنے حقوق حاصل کریں، غازی یونیورسٹی اپنے قیام سے لے کر اب تک وائس چانسلر سے محروم ہے ، جلسہ آئندہ الیکشن میں ڈیرہ غازی خان کی سیاسی تاریخ کا رخ موڑ دے گا ۔اس موقع پر اظہر اقبال حسن ، عزیر لطیف ، مولانا جاوید قصوری ، پروفیسر عطا محمد جعفری ، جاوید اقبال بلوچ اور سعد فاروق نے بھی خطاب کیا۔ جلسے میں جماعت اسلامی کے عہدیداروں اور کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سراج الحق ایک بج کر 45منٹ پر براستہ سڑک ملتان سے ڈیرہ غازی خان پہنچے ، انہوں نے رشید خان سے اُن بیٹے کی وفات پر تعزیت کی ۔ دریں اثناء امیر جماعت اسلامی کاشا ند ار استقبا ل کیا گیا۔قبل ازیں مظفرگڑھ میں مولانا افضل بدر کی عیادت کی اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ نوازشریف کہتے ہیں کہ تحریک عدل چلاؤں گا ،اس کا مطلب ہے کہ ملک میں ظلم کا نظام ہے ،1985ء سے شریف خاندان حکومت میں ہے ،مرکز میں کوئی حکومت نہیں ،وفاقی حکومت فیصلے کرنے کی قوت سے محروم ہے ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے ضلعی امیر رانا عمر دراز فاروقی ،شیرعلی گجر،حافظ بشیراحمد، زاہد مصطفی و دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔