خبرنامہ پاکستان

پاناما کے جوش میں نکلنے والے اپنا ہوش گنوا بیٹھے ہیں، عابدشیر

فیصل آباد::(ملت+اے پی پی) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف منفی سیاست کررہی ہے یہ لوگ پاناما کےلئے جوش سے نکلے تھے لیکن اپنے ہوش ہی گنوا بیٹھے ہیں۔ فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف منفی سیاست کررہی ہے یہ لوگ پاناما لیکس کا سہارا لے کر جوش سے نکلے تھے لیکن اپنا ہوش ہی گنوا بیٹھے ہیں۔ عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف خواجہ آصف کی وکٹ گرانے کے چکر میں خود کلین بولڈ ہوگئی ہے سپریم کورٹ میں بھی حق اور سچ کی فتح ہوگی، تحریک انصاف نے رقص و سرور کے علاوہ کچھ نہیں کیا جس کی حکومت میں پرویز ختک جیسا وزیراعلیٰ اور گنڈاپور جیسا وزیر ہو اس کی حالت زار کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، 2018 کے عام انتخابات میں عوام (ن) لیگ کو ووٹ دیں گے اور تحریک انصاف والے روتے رہ جائیں گے۔ وزیر مملک کا کہنا تھا کہ ماضی میں 12 ، 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی لیکن اب ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں واضح کمی ہوئی ہے، شہری علاقوں 3 اور دیہی علاقوں میں 4 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے تاہم لائن لاسز والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ زیادہ ہے۔ عوام سے کئے ہوئے وعدے پورے کریں گے اور 2018 میں پاکستان میں بجلی وافر جبکہ لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔ سندھ کے نئے گورنر کی تقرری کے حوالے سے عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ سندھ میں ایماندار شخص کو گورنر بنایا گیا، وفاقی حکومت نے غیر سیاسی شخصیت کو گورنر بناکر مثال قائم کردی ہے امید ہے سعید الزماں صدیقی وفاق اور سندھ کے درمیان بہتر کردار ادا کریں گے۔