خبرنامہ پاکستان

پانامہ لیکس ایک عالمی سازش ہے:مولانا فضل الرحمن

اسلام آباد:(اے پی پی) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس ایک عالمی سازش ہے اور جے یو آئی پوری طرح وزیر اعظم نوازشریف کے ساتھ کھڑی ہے۔ جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پانامہ لیکس کو سمجھنے کی ضرورت ہے، یہ ایک عالمی سازش ہے جس پر تنقید کرنے والوں کو حقیقت کا علم ہی نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نوازشریف کے ساتھ ہے اس صورتحال میں بھرپور انداز میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم پانامہ لیکس کو سمجھے بغیر اس پر بحث یا بیان بازی نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس پر بحث کرنے والے اس ایوان کا تقدس اور وقت ضائع کر رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ وزیر اعظم نوازشریف کا کوئی بال بھی بیکا نہیں کرسکتا۔ ان کاتحفظ کرنے والے ہی راستہ نکالیں گے۔ ان کے متعلق ابھی لوگ جانتے نہیں ہیں یہ وہی لوگ ہیں جوچاہیں تو شوکت عزیز کو وزیراعظم بنا سکتے ہیں۔