خبرنامہ پاکستان

پانامہ لیکس معاملہ پر عابد شیر علی کاعمران خان کو مناظرے کا چیلنج

فیصل آباد (آئی این پی)وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے پانامہ لیکس کے معاملے پر عمران خان کو مناظرے کا چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز اور حسن نواز نے کوئی قانون نہیں توڑا، وزیراعظم کے بیٹوں کے تمام اثاثے جائز ہیں، ہم سے متعلق کوئی بھی غیر قانونی کام ہے تو سزا بھگتنے کیلئے تیار ہیں۔ وہ پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ وزیراعظم رواں ماہ نئی ٹرانسمیشن لائن کا افتتاح کریں گے، مارچ 2018تک لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی کوشش ہے، رمضان المبارک میں کم سے کم لوڈشیڈنگ کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی پیداوار بڑھا رہے ہیں، ہم نے کروڑوں روپے لگا کر نئے گرڈ اسٹیشن لگائے ہیں، نا صرف لائن لاسز میں کمی لائے بلکہ سرکلر ڈیٹ کو گزشتہ ڈیڑھ سال سے بڑھنے نہیں دیا، ٹرانسمیشن کے نظام کو جدید بنیادوں پر لے کر جا رہے ہیں، داسو منصوبے پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام چیزیں ریکارڈ کا حصہ ہیں، ریکارڈ سے باہر کچھ نہیں، سب سے زیادہ دہشت گرد اور ٹارگٹ کلرز ہم نے پکڑے ہیں۔ عابد شیر علی نے پانامہ لیکس کے معاملے پر عمران خان کو مناظرے کا چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز اور حسن نواز نے کوئی قانون نہیں توڑا، وزیراعظم کے بیٹوں کے تمام اثاثے جائز ہیں، ہم سے متعلق کوئی بھی غیر قانونی کام ہے تو سزا بھگتنے کیلئے تیار ہیں،مفروضوں پر بات کرنے والوں کے پاگل پن کا کچھ نہیں کر سکتے۔(اح)