خبرنامہ پاکستان

پانا مہ لیکس شیطانی لیکس ہے جس کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے: رانا ثناء اللہ

لاہور:(اے پی پی )صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ پانا مہ لیکس در اصل شیطانی لیکس ہے جس کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے‘چند افراد کا شیطانی ٹولہ ملک میں سیاسی عدم استحکام اور نواز شریف کی قیادت میں سرمایہ کاری کی کوششیں اور دہشت گردی کے خاتمہ کے اقدامات کو سبوتاژ کرنے کیلئے کل سے واویلا مچا رہا ہے‘ بعض لوگ اس شیطانی لیکس کو آسمانی صحیفہ ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں‘ پاکستان کا مستقبل جمہوریت اور ووٹ کی طاقت سے وابستہ ہے‘ دھرنے ،لانگ مارچ اور پانامہ لیکس تبدیلی نہیں لا سکتے‘ بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی کو (ن( لیگ کے خلاف کچھ نہ کچھ کہنے دیں ان کی گالیاں بھی سننے کو تیار ہیں تاکہ ان کے چہرے سے فرینڈلی اپوزیشن کا داغ دھل سکے۔ وہ منگل کے روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اسمبلی احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، صوبائی وزیر نے کہا کہ جب سے شیطانی لیکس کا پنڈورا باکس کھولا گیا ملک کے اندر بعض شیطانوں نے اس میں جان پیدا کرنے کی کوشش کی جن کی اوقات یہ ہے کہ وہ اپنی ذات کی بناء پر اپنے حلقے سے بھی کامیاب نہیں ہو سکتے، انہوں نے موقع ملتے ہی گھٹیا انداز اختیار کیا جو ان کے چہروں پر لعنت بن کر برسا، انہوں نے کہا کہ بعض تحریکوں نے اچھا نام کمایا لیکن انہوں نے بھی گھٹیا انداز اپنایا جسے سب نے دیکھا، انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس نے خود لکھا ہے کہ وہ کسی کے خلاف کلیم نہیں کر رہے اور نہ ہی یہ ثابت کر رہے ہیں جو بھی ان کمپنیوں کے ذریعے سرمایہ کاری کی گئی وہ ناجائز ہے، اس کے باوجود بدبختی دیکھیں کہ کچھ عناصر اسے آسمانی صحیفہ ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام پہلے دیکھ چکے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف اس طرح کی گندی اور گھٹیا مہم جوئی پہلی بار نہیں ہو رہی یہ 12 اکتوبر 1999ء سے یکطرفہ چلتی آ رہی ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) 2018ء تک اس ملک اور ملک کے عوام کی خدمت کرتے رہیں گے اس کے بعد عوام جو فیصلہ کرے گی قبول کریں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت اور ووٹ کی طاقت سے وابستہ ہے، کون برسر اقتدار ہو گا یہ فیصلہ 20 کروڑ عوام ووٹ کی طاقت سے کریں گے، اس کے علاوہ لانگ مارچ ٗ دھرنے اور پاجامہ لیکس کے ذریعے تبدیلی نہیں آ سکتی، اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہ شیطانی طاقتیں وہ ہیں جنہوں نے کل سے ڈھول گلے میں ڈالا ہوا ہے وہی شیطانی طاقتیں ہیں جنہیں 2018ء کو عوام اپنے ووٹ کے ذریعے سزا دیں گے اور ان کے حلقہ کے عوام ان سے بدلہ لیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی کو (ن) لیگ اور حکومت کو کچھ نہ کچھ کہنے دیں، یہ گالیاں بھی دیں تو سننے کو تیار ہیں تاکہ ان کے چہرے سے فرینڈلی اپوزیشن کا داغ دھل سکے تاہم انہیں اخلاقیات کے دائرہ میں رہنا چاہئے، ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ پانامہ لیکس آچکی ٗ عمران خان نے جو کرنا تھا کر لیا اب انہیں پیش کش کرتا ہوں کہ وہ لاہور ٗ راولپنڈی ٗ ملتان اور دیگر صوبوں سے اپنی پارٹی کی ایک ٗ ایک نشست سے استعفے دے کرضمنی انتخابات کروا لیں پتہ چل جائے گا، کابینہ کی توسیع کے حوالے سے سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ وزیراعلی کا صوابدیدی اختیار ہے تاہم بہت جلد کابینہ میں توسیع کر دی جائے گی۔