خبرنامہ پاکستان

پانچ برس بعد پہلی مرتبہ دسمبر بارش کے بغیر خشک گزر گیا

لاہور: (ملت+اے پی پی) دو ہزار گیارہ کے بعد پہلی مرتبہ ماہ دسمبر مکمل طور پر خشک گزر گیا ہے تو جنوری کے پہلے ہفتے میں بھی بارشوں کی کوئی توقع نہیں ، موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی صورت حال درجہ حرارت میں بھی مسلسل اضافے کا باعث بھی بن رہی ہے ۔ نگاہیں کہ مسلسل آسمان پر ٹکی ہوئی ہیں کہ کسی طرف سے ابر کرم کا کوئی ٹکڑا نمودار ہو ، باران رحمت برسے ، انسان اور چرند پرند سبھی سکون کا سانس لیں لیکن یہ اُمید بر آئی نہ ہی بر آنے کی کوئی صورت نظر آرہی ہے ۔ دو ہزار گیارہ کے بعد یہ صورت حال پہلی مرتبہ پیدا ہوئی ہے کہ تب بھی ماہ دسمبر پوری طرح سے خشک گذرا تھا لیکن تب سردی کی شدت بڑی حد تک برقرار رہی ۔ اُس وقت لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت اعشاریہ چار ریکارڈ کیا گیا ، اُس کے بعد سے آنے والے سالوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت اعشاریہ چار سے تین ڈگری سینٹی گریڈ تک رہا لیکن اِس مرتبہ درجہ حرارت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے جو ابھی تک کم سے کم پانچ اعشاریہ آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ تک رہا ہے اور بارشیں نہ ہونے کی صورت میں اِس میں مزید اضافے کا بھی امکان ہے ۔ دو ہزار گیارہ کے بعد آنے والے سالوں میں ماہ دسمبر کے دوران قدرت بارشوں کے حوالے سے بھی کسی نہ کسی حد تک اپنی مخلوق کی داد رسی کرتی رہی ۔ دسمبر 2012 میں مختلف شہروں میں 23 سے 119 ملی میٹربارش برسی تو 2013 میں یہ مقدار 11 سے 22 ملی میٹر کے درمیان رہی ، 2014 اور 2015 کے دوران مختلف شہروں میں 6 سے 108 ملی میٹر بارشیں ریکارڈ کی گئیں لیکن اب ایک مرتبہ پھر بارشوں نے مکمل طور پر منہ موڑ لیا ہے ۔ ماہرین کے مطابق ماہ دسمبر کے دوران دھند کا سلسلہ کم و بیش اِسی طرح رہا جس طرح موجودہ دسمبر میں چل رہا ہے لیکن موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں 2016 انتہائی گرم رہا اور آنے والے سالوں میں تبدیلیوں کا یہ عمل مزید تیز ہوگا جس سے نمٹنے کے لیے اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے ۔