خبرنامہ پاکستان

پانچ بڑےشعبوں کوبجٹ میں ٹیکس سےاستثنیٰ دیاجارہا ہے: اسحاق ڈار

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پانچ بڑے شعبوں کو بجٹ میں ٹیکس سے استثنیٰ دیا اور سیلز ٹیکس ریفنڈ کا وعدہ پورا کیا جارہا ہے، وزیراعظم نواز شریف نے دو وعدے کئے تھے‘ پہلا وعدہ سیلز ٹیکس ریفنڈز‘ دوسرا پانچ بڑے شعبوں کو ٹیکس سے استثنیٰ دینا تھا‘ 2013ء میں 211 ارب روپے ریفنڈ میں بقایا تھے،31 اگست تک ارکان پارلیمنٹ کی ٹیکس ڈائریکٹری جاری کریں گے، آج کا پاکستان 2013ء کا پاکستان نہیں بلکہ بہت بہتر ہوچکا ہے خوشحال‘ خودمختار اور باوقار پاکستان وزیراعظم کا وژن ہے۔ منگل کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سیلز ٹیکس ریفنڈ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات بڑھانے کے لئے تاجروں کو مراعات دی ہیں وزیراعظم نواز شریف نے تاجروں سے دو وعدے کئے تھے پہلا وعدہ سیلز ٹیکس ریفنڈ‘ دوسرا پانچ بڑے شعبوں کو ٹیکس سے استثنیٰ دینا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء میں 211 ارب روپے کے ریفنڈ بقایا تھے وعدے کے مطابق پانچ بڑے شعبوں کو بجٹ میں ٹیکس سے استثنیٰ دیا اور آج سیلز ٹیسک ریفنڈ کا وعدہ پورا کیا جارہا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ 21ارب روپے سے زائد سیلز ٹیکس ریفنڈ کے چیکس تقسیم ہوں گے۔ 31اگست تک چیک نہ ملنے کی صورت میں ایف بی آر اور مجھ سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ آئندہ سیلز ٹیکس ریفنڈ چیک کی بجائے آن لائن اکاؤنٹس میں منتقل کئے جائیں گے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ 31 اگست تک ارکان پارلیمنٹ کی ٹیکس ڈائریکٹری جاری کریں گے اور آج کا پاکستان 2013ء کا پاکستان نہیں بلکہ بہت بہتر ہوچکا ہے خوشحال‘ خودمختار اور باوقار پاکستان وزیراعظم کا وژن ہے۔ (ن غ)