خبرنامہ پاکستان

پاک، امریکامذاکرات کا مشترکہ اعلامیہ جاری

واشنگٹن(اے پی پی)پاکستان اور امریکا کے درمیان طویل المدتی پارٹنر شپ کے تحت معیشت ، سیکورٹی ،دہشت گردی اور دیگر اہم امور پر دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ۔واشنگٹن میں پاک امریکا اسٹریٹجک مذاکرات کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ۔اعلامیے کے مطابق دونوں ملکوں نے طویل المدتی پارٹنرشپ پراتفاق کیا ہے۔ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایٹمی عدم پھیلاؤکو روکنے کے لیے پاکستان اور امریکا مل کر کام کریں گے۔مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے مولانا مسعود اظہر کی حراست سمیت پاکستان کی طرف سے کیے گئےاقدامات قابل ذکرہیں ۔ امریکا نے پٹھان کوٹ حملے میں پاکستان کے تعاون کو خوش آئندقرار دیا جب کہ دونوں ممالک میںکشمیر سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے پاک بھارت مذاکرات پر اتفاق کیا گیا ۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے شدت پسندی کے خلاف اقدامات پر وزیر اعظم نواز شریف کےکردار کی تعریف کی ۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کا کردار اہم ہے ۔