خبرنامہ پاکستان

پاکستانی سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری یونیسکو کمیشن کے رکن منتخب

اسلام آباد:(اے پی پی) پاکستانی سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کو یونیسکو کے سائنسی علوم اور ٹیکنالوجی کی اخلاقیات پر عالمی کمیشن کا رکن منتخب کر لیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کا ادارہ یونیسکو کئی سالوں سے سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی کی بدولت پیدا ہونے والے اخلاقی مسائل کو عالمی سطح پر باضابطہ اور کثیر الثقافتی بحث کو فروغ دے رہا ہے، اس کا اخلاقی مشن دنیا کے بڑے بڑے تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی چیلنجز کے تعلق میں مضمر ہے۔ یونیسکو کا سائنسی علوم اور ٹیکنالوجی کی اخلاقیات پر عالمی کمیشن 1998ء میں قائم کیا گیا جو اپنے نامور ارکان کی اجتماعی فکری طاقت کا استعمال کرکے سائنس کمیٹی، فیصلہ ساز اداروں اور عوام کیلئے ایک آزادانہ ایڈوائزری باڈی کے طور پر ممتاز آواز رکھتا ہے۔ یہ کمیشن دنیا کے مختلف خطوں سے سائنسی، قانونی، فلسفہ اور ثقافتی شعبوں سے تعلق رکھنے والے 18 معروف سکالرز پر مشتمل ہے۔ یونیسکو سائنس، پروفیشنل انجیئنرنگ، وکالت، فلسفہ، ثقافت، مذہب یا سیاست سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات میں سے کمیٹی آف ایتھیکس ان سائنس اور ٹیکنالوجی)سی او ایم ای ایس ٹی) رکن کا انتخاب کرتی ہے جو ضروری اہلیت اور اتھارٹی کے باعث کمیشن کے کاموں کو بااحسن سر انجام دے سکے۔اس سال یونیسکو نے کمیشن نے معروف پاکستانی سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری کو رکن منتخب کیا ہے۔ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری یونیسکو سے انعام یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ بہت سے دوسرے اعزازات کے حامل ہیں۔ انہیں یہ اعزاز ڈائریکٹر جنرل یونیسکو نے چار سالوں کیلئے دیا ہے۔ اس عہدے کے تحت وہ سائنسی ترقی اور ٹیکنالوجی سے پیدا ہونے والے اخلاقی مسائل پر اپنی پیشہ وارانہ مہارت سے راہنمائی فراہم کریں گے۔