خبرنامہ پاکستان

پاکستانی سفیروں کےلیے3 اہم نکات پرمشتمل پالیسی مرتب

کراچی:(اے پی پی) وفاقی حکومت نے بیرون ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں کیلیے تین اہم نکات پر مشتمل پالیسی مرتب کرلی ہے ۔ وفاقی حکومت کے اہم ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی حکومت نے بیرون ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں کو تین اہم نکات پرمشتمل پالیسی کے تحت اپنی کوششوں کوتیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔اس پالیسی کے پہلے نکتہ کے تحت تمام سفیراپنے اپنے متعلقہ ملک دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو اجاگرکریں گے اور متعلقہ ملک کی حکومت کے علاوہ تمام فورمز پر اس معاملے کو بھرپورطریقے سے سامنے لائیں گے دوسری نکتہ کے تحت پاکستان اور متعلقہ ملک کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ اور حکومتی پالیسی کے تحت وہاں سرکاری اور نجی سطح پر تجارتی معاہدوں کیلیے کوششوں میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ حکومت کی جانب سے پاکستان میں توانائی اور دیگر شعبوںمیں سرمایہ کاری لانے کیلیے تیز ترین سطح پر رابطے کریں گے اور حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کودی جانے والی مراعات سے آگاہ کریں گے ۔سفارتم خانے کی سطح پر سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد کریں گے ۔تیسرے نکتہ کے تحت حکومتی پالیسی کے مطابق مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں گے ۔ان سفیروں کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ پاکستان اور متعلقہ ملک کے درمیان دوستانہ تعلقات کے مزید فروغ میں بھرپور کردار ادا کریں ۔حکومت نے طے کیا ہے کہ تمام سفیروں کو ہر تین یا چھ ماہ یا مناسب اوقات میں طلب کرکے عالمی حالات کومدنظر رکھتے ہوئے گائیڈ لائن جاری کی جائے گی اور ان کو کہا گیا ہے کہ وہ متعلقہ ممالک کے میڈیاسے بھی رابطے میں رہیں اور حکومت کی پالیسیوں سے ان کو آگاہ رکھیں ۔