کراچی:(ملت آن لائن) پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے کھلے سمندر میں کارروائی کرکے بائیس بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا جبکہ گرفتار ماہی گیروں کی تین کشتیاں بھی تحویل میں لے لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے جہازوں اور تیز رفتار کشتیوں نےکاروائی کرتے ہوئے پاکستانی سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 22 بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا اور بھارتی ماہی گیروں کے زیر استعمال 3 کشتیاں بھی قبضے میں لے لی گئی۔
ترجمان نے کہا کہ گرفتار ماہی گیروں کو ابتدائی تفتیشی عمل کے بعد مزید قانونی کاروائی کے لیے ڈاکس پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
بعد ازاں پاکستانی سمندری حدود میں گرفتار 22 بھارتی ماہی گیروں کوتھانہ ڈاکس پولیس نے سٹی کورٹ میں پیش کیا، عدالت نے ماہی گیروں کو جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
رواں سال اکتوبر میں بھی پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے پاکستانی حدود میں غیر قانونی فشنگ کرتے ہوئے 12 ماہی گیروں کو حراست میں لیا تھا۔
خیال رہے ماضی میں بھارت ماہی گیروں کے زریعے اپنے منظم مقاصد کے حصول کی کوشش کرتا رہا ہے تاہم اس کی یہ کوشش پاکستان نے ناکام بنائی ہے۔
واضح رہے کہ بحیرہ عرب میں سمندری حدود کی خلاف ورزی اور اسکے نتیجے میں گرفتاریاں دونوں ممالک کی جانب سے معمول کی بات ہیں۔
سمندری حدود کی واضح تقسیم نہ ہونے اورماہی گیروں کی کشتیوں میں سمندری حدود کا تعین کرنے والے جدید آلات نہ ہونے کے باعث اکثر دونوں ممالک کے ماہی گیرغلطی سے سرحد پار کرجاتے ہیں اور اکثر ماہی گیر اپنی سزا کی مدت ختم کرنے کے باوجود کمزور سفارتی تعلقات کے باعث جیل میں رہ جاتے ہیں۔