خبرنامہ پاکستان

پاکستانی شہری ذوالفقارکی سزائےموت پرعملدرآمد روک دیا گیا

لاہور: (آئی این پی) انڈونیشیا میں منشیات کیس میں قید پاکستانی شہری ذوالفقار علی شاہ کی سزائے موت پر عمل درآمد روک دیا گیا۔ ذوالفقار علی شاہ سمیت چودہ افراد کو سزائے موت دی جانا تھی تاہم آخری وقت میں ذوالفقار علی اور دیگر نو افراد کی سزائے موت پر عملدرآمد روکا گیا جبکہ تین نائیجرین اور ایک مقامی باشندے کو سزائے موت دیدی گئی۔ انڈونیشیا میں پاکستانی سفیر نے دنیا نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ خوشی ہے ذوالفقار علی کی جان بچ گئی۔ انڈونیشیا میں بھارتی شہری نے ذوالفقار شاہ کو منشیات کے جھوٹے کیس میں پھنسا دیا تھا جس پر مقامی عدالت نے اسے موت کی سزا دی۔ تاہم آخری وقت میں ذوالفقار شاہ کی سزائے موت روک دی گئی۔ ذوالفقار علی شاہ کی سزائے موت پر عملدرآمد روکنے پر اہلخانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ رشتہ دار خواتین نے سجدہ شکر ادا کیا جبکہ گھر کے باہر لوگ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے۔ معاملےکو اٹھانے پر لوگوں نے دنیا نیوز کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے ذوالفقار علی کی سزائے موت کی معطلی کو قوم کیلئے خوشی کی خبر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت انڈونیشین حکام سے رحم کی اپیل کرے گی ۔ ذوالفقار علی کی سزائے موت پر عملدرآمد روکے جانے کے بعد وزیراعظم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہے ۔ سزائے موت کی معطلی قوم کیلئے خوشی کی خبر ہے ۔ حکومت انڈونیشین حکام سے ذوالفقار علی شاہ کیلئے رحم کی اپیل دائر کرے گی ۔ دوسری جانب مریم نواز نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ذوالفقار علی کے اہل خانہ کو مبارکباد دی ۔ انکا کہنا تھا کہ بچنے کے امکانات بہت کم تھے مگر وزیراعظم کی کوششیں رنگ لے آئیں۔