خبرنامہ پاکستان

پاکستانی معیشت کی ترقی قابل تعریف ہے:ایشیائی ترقیاتی بنک کی سالانہ رپورٹ

اسلام آباد:(اے پی پی) ایشیائی ترقیاتی بنک نے اپنی حالیہ سالانہ رپورٹ میں پاکستانی معشیت کی ترقی کی تعریف کر تے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی راہداری کے تحت جاری سرمایہ کاری اور علاقائی تعاون کے دیگر اقدامات پاکستان کی ترقیاتی سرگرمیوں میں معاونت کی حامل ہے ‘ پائیدار اقتصادی اصلاحات اور سکیورٹی صورتحال میں بہتری سے تجارت اور سرمایہ کاری کے اعتماد کو مزید فروغ ملے گا اور نجی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا ۔ایشیائی ترقیاتی بنک کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی سال 2016میں پاکستان کی معاشی ترقی جاری رہے گی جہاں اصلاحات اور متسحکم اقدامات کے نتیجے میں زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ‘افراط زر میں کمی آئی ‘پیٹرولیم کی قیتموں سے بھی مجموعی مائیکرو اکنامک صورتحال میں بہتری آئی ۔رپورٹ میں مالی سال 2016کے لیے 4.5فیصد شرح نمو کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جو مالی سال 2017میں 4.8ہونے کی توقع ہے جبکہ مالی سال 2015میں یہ شرح 4.2فیصد تھی ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معاشی ترقی میں متعدل اضافہ ہوا ہے جبکہ سرکاری شعبہ کے اداروں کی ترقی اور توانائی کی قلت جیسے مسائل تا حال درپیش ہیں ۔رپورٹ میں کہا گیاہے کہ پاکستان کو مائیکرو اقتصادی استحکام اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر گامزن رہنے بالخصوص محصولات میں اضافہ اور توانائی کے شعبے کی بہتری کی ضرورت ہے ‘یہ اصلاحات اقتصادی استحکام اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ضروری ہیں ۔رپورٹ میں مالی سال 2016کی پہلی سہ ماہی کے دوران بڑے پیمانے پر مصنوعات سازی کے شعبہ میں3.9فیصد ترقی کا ذکر کیا گیا ہے اور کہا گیاہے کہ خام مال کی قیمتوں میں کمی اور بڑھتی ہوئی تعمیرات اور کم شرح مارک اپ بھی معاشی ترقی کے لیے معاون حیثیت رکھتے ہیں تاہم برآمدی منڈی میں کم طلب کے باعث ٹیکسٹائل کی پیدوار صرف ایک فیصد رہی ۔ایشیائی ترقیاتی بنک کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ درپیش بڑے چیلنجز میں ناکافی انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ روابط اور کم سرمایہ کاری جیسے مسائل کا سامنا ہے ۔انسانی ترقی میں کم سرمایہ کاری سے پاکستان کی افرادی قوت میں کم ہنر مند کارکنوں کا مسئلہ بھی درپیش ہے اور ملک کو ذیادہ قدر ‘اشیاء کی تیاری کے ساتھ پیدوار میں اضافے کے زریعے عالمی منڈیوں میں مقابلہ کرنا ہے ‘رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معشیت کے حوالے سے بہتر امکانات کے لیے ضروری ہے کہ جاری اصلاحات پر تیزی سے عمل کیا جائے تا کہ توانائی کی قلت کا مسئلہ حل ہو ‘سرمایہ کاری میں اضافہ ہو اور مسابقتی تجارتی ماحول اور آزادانہ تجارت کو فروغ ملے ۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی راہداری کے تحت جاری سرمایہ کاری اور علاقائی تعاون کے دیگر اقدامات پاکستان کی ترقیاتی سرگرمیوں میں معاونت کی حامل ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا کہ پائیدار اقتصادی اصلاحات اور سکیورٹی صورتحال میں بہتری سے تجارت اور سرمایہ کاری کے اعتماد کو مزید فروغ ملے گا اور نجی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا ۔ بنک نے جامع معاشی ترقی ‘پائیدار معاشی ماحول اور علاقائی یکجہتی کے ذریعے ایشیاء اور بحراہلکال کے خطے میں غربت میں کمی اور معاشی ترقی میں اضافے کا عزم کر رکھا ہے ۔