خبرنامہ پاکستان

پاکستانی نژاد امریکی تاجر شاہد خان برطانیہ کا تاریخی اسٹیڈیم خریدیں گے

پاکستانی نژاد

پاکستانی نژاد امریکی تاجر شاہد خان برطانیہ کا تاریخی اسٹیڈیم خریدیں گے

لندن: (ملت آن لائن) پاکستانی نژاد امریکی ارب پتی تاجر شاہد خان نے برطانیہ کے تاریخی ‘ویمبلے فٹبال اسٹیڈیم’ کی بولی لگا دی اور آئندہ چند ہفتوں میں اسٹیڈیم خریدے جانے کا امکان ہے۔ برطانیہ کی فٹبال ایسوسی ایشن شدید مالی مسائل سے دوچار ہے جس کے بعد اس نے تاریخی ویمبلے اسٹیڈیم فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی ارب پتی تاجر شاہد خان نے گراؤنڈ میں دلچسپی لیتے ہوئے اسے 600 ملین پاؤنڈ میں خریدنے کی پیشکش کی ہے جن کا کہنا ہے کہ وہ پرامید ہے کہ آئندہ 8 سے 12 ہفتوں میں اسے خرید لیں گے۔ امریکی تاجر کی جانب سے بولی لگائے جانے کے بعد شاہد خان اور برطانوی فٹبال ایسوسی ایشن کے درمیان معاہدے کا امکان ہے جب کہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ویملے گراؤنڈ 900 ملین پاؤنڈ میں فروخت کردیا جائے گا۔
ویمبلے اسٹیڈیم کا ایک منظر۔ فوٹو: بشکریہ اسٹیڈیم ڈی بی ڈاٹ کام
پانچ اعشاریہ 2 ارب پاؤنڈ اثاثوں کے مالک شاہد خان اسٹیڈیم کی خریداری کے لئے 600 ملین پاؤنڈ کیش ادا کریں گے اور 300 ملین پاؤنڈ کی ادائیگی بعد میں کی جائے گی۔ برطانوی فٹبال ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ معاہدے کے بعد 100 ملین پاؤنڈ سال 2024 میں ادا کرنا ہوں گے۔ برطانوی شہریوں نے ویملبے اسٹیڈیم کی فروخت کی خبریں سامنے آنے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور فٹبال شائقین کا کہنا ہے کہ ویمبلے اسٹیڈیم کو برطانیہ کے لئے تاریخی حیثیت حاصل ہے جہاں 1920 سے میچز کھیلے جارہے ہیں، اسے کس طرح امریکی تاجر کے حوالے کیا جاسکتا ہے۔ ادھر برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے فٹبال ایسوسی ایشن کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی نتیجے پر پہنچنے سے پہلے شائقین کو اعتماد میں لیا جائے۔
ویمبلے اسٹیڈیم میں 90 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ فوٹو: بشکریہ ڈی بی ڈاٹ کام
برطانوی وزیراعظم کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ویمبلے اسٹیڈیم کی فروخت کا فیصلہ فٹبال ایسوسی ایشن کا ہے تاہم یہ خیال رکھنا ضروری ہے کہ وہ انگلش فٹبال کا تاریخی اسٹیڈیم ہے جس سے شائقین کی دلی وابستگی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ فٹبال کی فروخت سے متعلق معاملات ابتدائی مرحلے میں ہیں اور انہیں یقین ہے کہ فٹبال ایسوسی ایشن اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے شائقین کے جذبات کا بھی خیال رکھے گی۔
شاہد خان کون ہیں ؟
شاہد خان کا تعلق لاہور کے مڈل کلاس گھرانے سے ہے اور اُن کی والدہ ریاضی کی پروفیسر تھیں۔ شاہد خان 1967 میں 16 سال کی عمر میں امریکا گئے جہاں انہوں نے تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ہوٹل پر ملازمت بھی کی اور ساتھ ہی یو آئی یو سی کالج آف انجینئرنگ سے بی ایس انڈسٹریل انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی۔ شاہد خان نے 1991 میں امریکا کی شہریت حاصل کی اور انہیں 1999 میں میکینکل سائنس اینڈ انجینئرنگ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ شاہد خان گاڑیوں کے پرزے بنانے والی کمپنی فلیکس این گیٹ کے مالک ہیں اس کے علاوہ وہ نیشنل فٹبال لیگ (این ایف ایل) میں جیکسن ویلے جاگور اور برطانیہ کی فٹبال لیگ چیمپئن شپ میں فلہام ایف سی ٹیم کے مالک ہیں۔ اگست 2017 میں شاہد خان کے اثاثوں کی مالیت 8.7 بلین ڈالر تھی اور فاربز نے امریکا کے 400 امیر ترین افراد نے انہیں 70ویں درجے پر رکھا تھا جب کہ شاہد خان دنیا کے امیر ترین افراد میں 158واں نمبر رکھتے ہیں۔