خبرنامہ پاکستان

پاکستانی ہتھیاروں کی مانگ بڑھ گئی: جنرل راحیل

اسلام آباد:(آئی این پی)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گذشتہ روز پاکستان آرڈیننس فیکٹریز واہ کا دورہ کیا۔ ادارے کو جدید بنانے اور اس کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے ہونے والی پیشرفت دیکھنے کے سلسلہ میں یہ ان کا دوسرا دورہ تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین پی او ایف لیفٹننٹ عمر محمود حیات نے ادارے کی کارکردگی اور توسیع کے منصوبہ کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی۔ بعد ازاں آرمی چیف نے نئے ایمونیشن پلانٹ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی او ایف ملک کا سب سے بڑا دفاعی پیداوار کا ادارہ ہے جس کا مسلح افواج کی حربی تیاری برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے آپریشن ضرب عضب کیلئے اسلحہ اور بارود کی تمام تر ضروریات پوری کرنے پر پی او ایف کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے ادارے کو مزید جدید بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی جدید تکنیکی استعداد کی بدولت متعدد ملک پی او ایف کی مصنوعات میں دلچسبی لے رہے ہیں۔ پی او ایف بھی اپنی مصنوعات کیلئے نئی منڈیاں تلاش کر کے ملک کیلئے زیادہ سے زیادہ قیمتی زرمبادلہ کمائے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستانی اسلحہ کی دنیا بھر میں مانگ بڑھ گئی ہے اور اسلحہ میں خود مختاری حاصل کرنے کیلئے ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کیا جائے۔