خبرنامہ پاکستان

پاکستانی ہنرمندوں نے عالمی مقابلے میں 2 میڈل جیت لیے

پاکستانی ہنرمندوں نے عالمی مقابلے میں 2 میڈل جیت لیے
اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاکستانی ہنرمندوں نے چین میں ہونے والے بین الاقوامی ہنر مندی کے مقابلے میں میڈل جیت لیے۔ چین کے شہر شنگھائی میں ہونے والے بین الاقوامی ہنر مندی کے مقابلوں میں پاکستان کے آفتاب مبارک اور فیاض خان نے ویلڈنگ کے شعبے میں بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرکے چاندی اور کانسی کا تمغہ جیتا جب کہ شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن کے تحت ہونے والے ان مقابلوں میں 33 سے زائد ممالک سے ہنرمندوں نے شرکت کی۔
قومی کمیشن برائے پیشہ روانہ و تکنیکی تربیت (نیوٹیک) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے پاکستانی ہنرمندوں کی اعلیٰ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہنر مند نوجوان دنیا کے سامنے اپنی قابلیت اور صلاحیتیں کو منوا رہے ہیں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے بین الاقوامی ہنرمندی کے مقابلے میں میڈل جیتنے والے دونوں ہنرمندوں کو اپنے دفتر بلاکر نقد انعامات اور اعزازی شیلڈز دیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی نوجوان آئندہ بھی ہنر مندی کے عالمی مقابلوں میں اپنے فن کا مظاہرہ کرکے ملک کا نام روشن کریں گے۔ بین الاقوامی ہنرمندی کے مقابلے میں میڈل جیتنے والے آفتاب مبارک کا تعلق لاہور اور فیاض خان کا پشاور سے ہے۔