خبرنامہ پاکستان

پاکستانی ہیلی کاپٹرکی افغانستان میں کریش لینڈنگ

اسلام آباد: (آئی این پی) پنجاب حکومت کا ملکیتی ہیلی کاپٹر مرمت کے لئے روس جا رہا تھا۔ بعض وجوہات کے سبب ہیلی کاپٹر نے افغانستان کے علاقے لوگر میں کریش لینڈنگ کی تو طالبان نے گھیرا ڈال لیا اور عملے کے سات افراد کو یرغمال بنا لیا۔ ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر میں چھ پاکستانی اور ایک روسی باشندہ سوار تھا۔ ہیلی کاپٹر نے صبح 8 بج کر 45 منٹ پر پشاور سے اڑان بھری تھی۔ ہیلی کاپٹر کا ٹیل نمبر اے پی بی ڈی جی ایف ہے۔ ہیلی کاپٹر میں 5 افسروں سمیت 7 افراد سوار تھے، جن میں چیف پائلٹ کرنل (ر) صفدر، کو پائلٹ کرنل (ر) شفیق، میجر (ر) صفدر، انجینئر لیفٹیننٹ کرنل (ر) ناصر، حوالدار کوثر، داؤد اور روسی باشندہ سرگئی سواستونوف شامل ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ کے مطابق ہیلی کاپٹر کو اوور ہالنگ کے لئے بھجوایا گیا تھا۔ پنجاب حکومت نے معاملے پر اعلیٰ فوجی قیادت اور وفاق سے رابطہ کیا ہے۔ واقعہ کی معلومات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔ ادھر دفتر خارجہ کا کہنا ہے افغان فضائی حدود استعمال کرنے کی پیشگی اجازت لی تھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افغانستان میں کمانڈر ریزولوٹ سپورٹ مشن جنرل نکلسن سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے اور مغوی عملے کی بازیابی کیلئے تعاون کی درخواست کی۔ جنرل نکلسن نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو ہر ممکن مدد اور تعاون کا یقین دلایا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مغویوں کی بازیابی کیلئے افغان حکومت اور افغان نیشنل آرمی کی قیادت سے بھی رابطے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ہیلی کاپٹر حادثے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سمیت تمام اداروں سے رابطے میں ہوں۔ پوری کوشش ہے عملے کو باحفاظت نکال لیا جائے۔ ہیلی کاپٹر کی اوورہالنگ کی خبر دنیا نیوز نے 29 جولائی کو دی تھی۔ ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کی اڑان کی مدت مکمل ہو چکی تھی جس کی اوور ہالنگ کیلئے سول ایوی ایشن حکام نے پنجاب حکومت کو خط لکھا تھا۔ اس ہیلی کاپٹر کی مرمت کیلئے 27 کروڑ 52 لاکھ گزشتہ ماہ جاری کئے گئے تھے۔