خبرنامہ پاکستان

پاکستان ابھرتی ہوئی معیشت قرار:مارگن اسٹینلے

واشنگٹن (آئی این پی) عالمی مالیاتی خدمات فراہم کرنے والے ادارے مارگن اسٹینلے کیپیٹل انٹرنیشنل (ایم ایس سی آئی) انڈیکس نے پاکستان کوابھرتی ہوئی معیشت قراردیتے ہوئے ایمرجنگ انڈیکس مارکیٹ میں شامل کرنے کی منظوری دے دی، پاکستان سٹاک ایکسچینج کی باقاعدہ شمولیت جون 2017ء میں ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مارگن اسٹینلے کیپیٹل انٹرنیشنل پاکستان کو ایمرجنگ انڈیکس مارکیٹ میں شامل کرنے کی منظوری دے دی۔ انڈیکس میں شمولیت کے بعد پاکستان کی 26 کمپنیاں ٹریڈنگ کر سکیں گی۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی باقاعدہ شمولیت آئندہ سال جون میں ہو گی۔مارگن اسٹینلے نے پاکستان کوابھرتی ہوئی معیشت بھی قراردیدیا ہے۔ ماہرین اقتصادیات نے ایم ایس سی آئی کے اس اقدام کو خوش آئند قراردیا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ اس انڈیکس میں شمولیت سے پاکستان کا امیج بہتر ہو گا اور پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔ ماہر معیشت توصیف زمان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف جا رہی ہے، مورگن اسٹینلے کے اعلان کے بعد سرمایہ کارپاکستان کا رخ کریں گے، امن و امان اور توانائی کی بہتر صورتحال سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا، مضبوط دفاع سے عوام میں احساس تحفظ پیدا ہوا۔(اح)