خبرنامہ پاکستان

پاکستان استحکام جمہوریت کی منازل تیزی سے طے کر رہاہے: رجوانہ

راولپنڈی (ملت + آئی این پی) گورنر پنجا ب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان استحکام جمہوریت کی منازل تیزی سے طے کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں اور حکومت کی گڈ گورننس کے باعث اس وقت دنیا میں عظیم معاشی قوت بن رہا ہے۔اندورنی اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہاہے اور نئے انڈسٹریل زون قائم کرکے تاجروں اور صنعتکاروں کو صنعتی ترقی کے فروغ کے خاطر خواہ مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ وہ منگل کو ایوان صنعت و تجارت اسلا م آباد کے دورے کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر ایوان صنعت و تجارت کے صدر خالد اقبال ملک ،طاہر ایوب ،خالد جاوید ، سابق صدور اور ممبران اسٹاک ایکسچینج اور تاجر برادری کی نمایاں شخصیات موجود تھیں۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ تاجر قومی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں اور کاروباری سرگرمیوں میں وسعت کی وجہ سے لوگوں کے لئے روزگار اورکاروبار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی سوچ اپنانے سے مسائل باآسانی حل ہو سکتے ہیں، حکومت تاجروں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ایسے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جن سے انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف حاصل ہواور سہولیات میں اضافہ ہو سکے۔انہوں نے اس موقع پر انڈسٹریل اور کسان پیکجز کا ذکر کیا اور کہا کہ حکومت معاشی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اوروفاقی دارالحکومت کے تاجر بھی ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔تاجروں کے مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہاکہ ٹیکس جمع کرنے والوں اور کاروباری طبقے کے مابین اعتماد کی فضاء کا فقدان نہیں ہونا چاہیے، پری بجٹ کے موقع پر تاجروں کو اعتماد میں لیا جاتا ہے اور ان کی تجاویز کو بجٹ میں شامل کیا جاتا ہے تاکہ ان کی مشکلات کا ازالا ہو سکے۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ اسٹاک ایکسچینج کمشنز کے ادغام سے بھی سرمایہ کاروں کو سہولیات حاصل ہوئی ہیں اور اقتصادی ترقی کے لئے پاکستان کی طرف سے جو اقدامات اٹھائے جارہے ہیں دنیا نے اس ترقی کو تسلیم کیا گیا ہے اور غیر جانبدار عالمی مبصر ادارے بھی اسے سراہا رہے ہیں ۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہاکہ سی پیک کسی گیم چینجر سے کم نہیں یہ منصوبہ پاکستان اور چین کے لئے یکساں طور پر اہم ہے۔ دونوں کے مفادات مشترکہ ہیں دونوں ملک ہر دکھ سکھ کے ساتھی ہیں اور پاک چین کی دوستی ہر معیار پر پوری اتری ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک میں مقامی انڈسٹری کے مفادات کو مدنظر رکھا گیا ہے چینی سرمایہ کار پاکستان میں جوائنٹ وینچر سے انڈسٹریز لگائیں گے جس سے افرادی قوت کو روزگار حاصل ہو گا ۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے ٹیوٹا میں ٹریننگ دی جا رہی ہے کیونکہ مستقبل میں ہنر مندوں کی مانگ پوری کرنے کی ضرورت ہے ۔ٹیوٹا انڈسٹری کی مانگ کے مطابق تربیتی سہولیات فراہم کررہا ہے اس سے بے روزگاری ختم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے یوتھ لون اور بلا سود قرضوں کی فراہمی کا بھی ذکر کیا جس سے فائدہ اٹھا کر نئے کاروبار قائم کئے جا رہے ہیں ۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ ہم مثبت سوچ سے کام کررہے ہیں جس کے نہایت حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی کو کوئی روک نہیں سکتا،گوادر بلوچستان کی ترقی ،پاکستان کی ترقی ہے اور بلوچستان ترقی کا مرکز بن رہا ہے۔ قبل ازیں خالد اقبال ملک نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایوان صنعت و تجارت اسلام آباد کی اپنی اہمیت ہے یہاں آٹھ سو انڈسٹریز ہیں اورممبران کی تعداد ہزاروں میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اسلاام آبادمیں ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر قائم کرنا چاہتے ہیں تاکہ بیرون ممالک سے آنے والے وفود کو ایک ہی چھت کے نیچے تمام انڈسٹریز کی مصنوعات دیکھنے کا موقع مل سکے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب صنعتی ترقی کے لئے کوشاں ہیں اور ان کی معاونت سے صنعتکاروں کو مواقع حاصل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے سی پیک کے حوالے سے کہا کہ اسلام آباد کے صنعتکاروں کو جہاں خام مال اور سہولیات دستیاب ہیں وہاں انڈسٹری لگانے کے مواقع فراہم کئے جائیں اور متبادل انڈسٹریل زون بنایا جائے ۔ اس موقع پر دیگر تاجر نمائندوں نے بھی اظہار خیال کیا اور تاجروں کے مسائل بیان کئے۔