خبرنامہ پاکستان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز تیزی

کراچی(ملت آن لائن)پاکستان اسٹاک ایکسیچنج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی تیزی کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 1100 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے

پاناما کیس کی سماعت کے دوران اسٹاک ایکسچینج میں اکثر مندی کا رجحان دیکھا گیا اور سرمایہ کار بے یقینی کی صورتحال میں دکھائی دیئے۔

جب کہ پاناما کیس کے فیصلے کے روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اتار چڑھاؤ کا رجحان رہا اور اسٹاک مارکیٹ صرف چند پوائنٹس کی کمی سے بند ہوئی۔

گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں انڈیکس کی بلند ترین سطح 46 ہزار 106 پوائنٹس رہی اور 99 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 51 ارب روپے تھی۔

ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 1870 پوائنٹس کے بینڈ میں کاروبار ہوا اور مارکیٹ کیپٹلائزیشن 107 ارب اضافے سے 9 ہزار 514 ارب روپے ہوگئی جب کہ ہنڈرڈ انڈیکس 617 پوائنٹس اضافے سے 45 ہزار 912 پر بند ہوا۔

پاناما کیس کے بعد ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کار سرگرم نظر آرہے ہیں جہاں ہنڈرڈ انڈیکس میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس میں 1100 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے اور انڈیکس 47 ہزار پوائنٹس سے زائد کی سطح عبور کرگیا ہے۔