خبرنامہ پاکستان

پاکستان اس وقت درست سمت میں گامزن ہے،پاکستان کی مدد کریں گے،صدرعالمی بینک

اسلام آباد ۔(اے پی پی) عالمی بینک کے صدر جم یانگ کم نے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے عوامی خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں سہولیات کی فراہمی سے معاشی ترقی کیلئے زندگی کے تمام شعبوں میں کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی، پاکستان کو بھی سہولیات اور مراعات فراہم کر کے اپنے نجی شعبے کو مضبوط بنانا چاہئے، عالمی بینک پائیدار ترقی کیلئے پاکستان کی مدد کرے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کے علاوہ دیگر وفاقی وزراء اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ عالمی بینک کے صدر نے قائداعظم کے فرمان اتحاد، ایمان اور تنظیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر فرائض کی ادائیگی کے دوران ان اصولوں پر عمل کیا جائے تو پاکستان ایک کامیاب ملک بن سکتا ہے۔ عالمی بینک کے صدر نے کہا کہ پاکستان ترقی کے ایک نازک مرحلے سے گزر رہا ہے اور حکومت اگلے دو سال کے دوران معاشی ترقی میں تاریخی کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے عوامی خدمات کے شعبوں اور بالخصوص بچوں کی تعلیم اور لوگوں کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ملکی معیشت کو مزید ترقی دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کا نجی شعبہ معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ پاکستان کو بھی سہولیات اور مراعات فراہم کر کے اپنے نجی شعبے کو مضبوط بنانا چاہئے۔ عالمی بینک کے صدر نے کہا کہ پاکستان اس وقت درست سمت میں گامزن ہے اور وہ دنیا میں ایک کامیاب ملک کے طور پر آگے آ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک پائیدار ترقی کیلئے پاکستان کی مدد کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اچھی پالیسیوں کی وجہ سے ہی پاکستان دیوالیہ ہونے سے محفوظ رہا ہے۔