خبرنامہ پاکستان

پاکستان انجینئرنگ کونسل نے طلباء و طالبات کو غیر منظور شدہ اداروں میں داخلہ لینے سے روک دیا

فیصل آباد۔9 جولائی(اے پی پی )پاکستان انجینئرنگ کونسل نے انجینئرنگ پروگراموں میں داخلہ حاصل کرنے کے خواہشمند طلباء و طالبات کو غیر منظور شدہ انجینئرنگ یونیورسٹیز اور دیگر تعلیمی اداروں میں داخلہ حاصل کرنے سے روک دیا ہے اور منظور شدہ پروگرامز و اداروں کی فہرست بھی جاری کی ہے تاکہ انجینئرنگ پروگرامز میں داخلہ حاصل کرنے والے طلباء و طالبات اس سے استفادہ کر سکیں۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ذرائع نے بتایا کہ طلباء انجینئرنگ کے کسی بھی شعبہ میں داخلہ لینے سے قبل اس امر کا یقین کر لیں کہ مجوزہ پروگرام پاکستان انجینئرنگ کونسل سے منظور شدہ ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف پی ای سی ہی منظور شدہ پروگرامز کے فارغ التحصیل گریجوایٹس کو بطور انجینئر رجسٹر کرنے کا مجاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر تسلیم شدہ انجینئرنگ پروگرامز میں داخلے کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ طلباء ، والدین ، یونیورسٹیز اور دیگر متعلقہ تعلیمی اداروں پر عائد ہو گی۔ انہوں نے بتا یا کہ اس ضمن میں مزید تفصیلات ، معلومات پاکستان انجینئر نگ کونسل کی ویب سائٹ www.pec.org.pk/schedule-first_aspxسے حاصل کی جا سکتی ہیں۔