خبرنامہ پاکستان

پاکستان اورآذربائیجان کا تجارت اور معاشی شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات اور شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے‘ آذربائیجان سے دفاع‘ توانائی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں‘ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون سے دونوں ملکوں کو فائدہ پہنچے گا‘ پاکستان بین الاقوامی دفاعی نمائش میں شرکت کرے گا۔ منگل کو وزیراعظم میاں نواز شریف سے یہاں وزیراعظم ہاؤس میں ری پبلک آف آذربائیجان کے وزیر برائے دفاعی صنعت یاور جمالوف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار‘ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر اور وفاقی وزیر برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے آذربائیجان کے دفاعی صنعت کے وزیر کا وزیراعظم ہاؤس آمد پر گرمجوشی سے استقبال کیا اس موقع پر وزیراعظم میاں نواز شریف نے ڈیوس میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ہونے والی ملاقات کا بھی ذکر کیا جس میں دونوں رہنماؤں نے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات اور شراکت داری کو اہمیت دیتے ہیں۔ پاکستان آذربائیجان سے دفاع‘ توانائی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔ وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون سے دونوں ملکوں کو فائدہ پہنچے گا۔ اس موقع پر آذربائیجان کے وزیر برائے دفاعی صنعت یاور جمالوف نے وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم کے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور انہوں نے اس موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام وزیراعظم میاں نواز شریف کو پہنچایا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آذربائیجان کے وزیر برائے دفاعی صنعت نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان سے دفاعی مصنوعات اور خام مال درآمد کرنے کا خواہش مند ہے۔ پاکستان سے تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے آذربائیجان میں ہونے والی بین الاقوامی دفاعی نمائش کے لئے وزیراعظم کو شرکت کی دعوت دی۔ بین الاقوامی دفاعی نمائش ستمبر میں آذربائیجان میں منعقد ہوگی۔ آذربائیجان نے جے ایف سیونٹین تھنڈر طیاروں میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر آذربائیجان کے وزیر برائے دفاعی صنعت نے حکومت کی ملک کو مستحکم کرنے کے لئے جاری اقتصادی پالیسیوں کا خیر مقدم کیا اور ان کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے پاکستانی سرمایہ کار آذربائیجان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ملاقات میں تجارت اور معاشی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا اورمشترکہ وزارتی اجلاس جاری رکھنے اور نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم میاں نواز شریف نے آذربائیجان میں ہونے والی بین الاقوامی دفاعی نمائش میں شرکت کی دعوت پر کہا کہ پاکستان بین الاقوامی دفاعی نمائش میں شرکت کرے گا اور انہوں نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے لئے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔ (ن غ)