اسلام آباد ۔(اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے ترک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل بلند بوستان گولو کو ’’نشان امتیاز‘‘ (عسکری) کا اعزاز عطا کیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب منگل کو یہاں ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اﷲ اور سیکریٹری دفاع کے علاوہ اعلیٰ فوجی اور سول حکام نے شرکت کی۔ اس پروقار تقریب کے بعد صدر مملکت سے ترکی کی نیوی کے سربراہ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے ایڈمرل بوستان گولو کی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اضافے کے لئے خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام گہرے اور مضبوط رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔ صدر مملکت نے دونوں برادر ممالک کے درمیان اکتوبر 2015ء میں ترکی میں اعلیٰ سطحی دفاعی بات چیت کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے دو نوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے افغانستان میں قیام امن کے لئے ترکی کے فعال اور مثبت کردار کی بھی تعریف کی۔ صدر مملکت نے ترک نیوی کے سربراہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی نیوی کے درمیان مزید وسیع تعلقات کے مواقع موجود ہیں جن سے دونوں ممالک کو فائدہ اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ پاکستان نیوی کے لئے کراچی شپ یارڈ میں 16 ہزار ٹن کی گنجائش کے ٹینکر کی تعمیر کے لئے دونوں ممالک کے درمیان اتفاق ہوا ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے دونوں ممالک کے درمیان پرجوش تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وقت کے ساتھ ساتھ ان تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔ صدر مملکت نے دونوں برادر ممالک کے درمیان عسکری تعاون پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ ترک نیوی کے سربراہ نے صدرمملکت کا شکریہ اداکرتے ہوئے اپنے دورہ پاکستان کو مفید قرار دیا۔