اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی مذاکرات کا آغازآج سے ہوگا، مذاکرات بیس نومبر تک جاری رہیں گے اس دوران قرض پروگرام پر بات چیت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ آج سے شروع ہوگا، قرض پروگرام پر باضابط مذاکرات ہوں گے، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تکنیکی مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں۔
تکنیکی مذاکرات میں پاکستانی حکام نے فنڈ سے معاشی اعداد وشمار شیئر کیے، آئی ایم ایف کو توانائی سیکٹر، ٹیکس نظام اور نجکاری پر بریفنگ دی گئی۔
فنڈ نے توانائی سیکٹر سمیت دیگر شعبوں کی کارگردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے، آج سے شروع ہونے والے پالیسی مذاکرات میں آئی ایم ایف کے وفد کی سربراہی ہیرالڈ فنگر کریں گے۔
پاکستانی وفد کی سربراہی وزیر خزانہ اسد عمر کریں گے، مذاکرات میں نئے پروگرام کے حجم پر بات ہوگی، آئی ایم ایف پلان کے لیے اپنی شرائط پیش کرے گا۔
اس کے علاوہ آئی ایم ایف پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے تناظر میں مالی ضروریات اور پالیسیوں کا جائزہ لے گا، آئی ایم ایف کے کوٹے کے تحت پاکستان چھ سے ساڑھے چھ ارب ڈالرز کا قرضہ لینے کا اہل ہے۔