خبرنامہ پاکستان

پاکستان اور اردن کے درمیان تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون پر اتفاق

پاکستان اور اردن کے درمیان تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون پر اتفاق

اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاکستان اور اردن نے تجارت اور دیگر شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا ہے۔ اردن کے شاہ عبداللہ ثانی نے صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات کی جس میں تجارت، تعلیم اور ثقافت سمیت دوسرے شعبوں میں دو طرفہ تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں صدر ممنون نے کہا کہ اردن نے مقبوضہ بیت المقدس پر جرات مندانہ موقف اختیار کیا۔ شاہ عبداللہ نے کہا کہ اسلامی دنیا کے مسائل پر پاکستان کے مضبوط موقف سے ہمیشہ تقویت ملتی ہے۔ شاہ عبداللہ 2 روزہ سرکاری دورہ مکمل کرکے وطن واپس لوٹ گئے ہیں جنہیں وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکام نے رخصت کیا۔ روانگی سے قبل شاہ عبد اللہ نے ملک میں تیار ہونے والے لڑاکا طیارے جے ایف 17 تھنڈر کے فضائی کرتب دیکھے۔

………………………………………..

اس خبر کو بھی پڑھیے…دبئی میں سرمایہ کاری کرنے والے پاکستانیوں سے متعلق تحقیقات کا آغاز

لاہور:(ملت آن لائن)دبئی میں سرمایہ کاری کرنے والے پاکستانیوں کی فہرست قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں پیش کر دی گئی ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے دبئی میں رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری کرنے والے پاکستانیوں کی فہرست قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں پیش کی گئی۔ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق دبئی میں 100 پاکستانیوں نے رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ ایف بی آر نے ایف آئی اے کی رپورٹ دبئی حکام کو بھیجی جس میں 55 پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کی تصدیق ہو گئی ہے۔
7 ہزار پاکستانیوں کی دبئی میں 11 سو ارب روپے کی جائیدادوں کا انکشاف
قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے دبئی میں جائیدادیں خریدنے والوں کا کیس نیب کو بھیجنے کی سفارش کر دی ہے۔ دوسری جانب ایف آئی اے نے بھی دبئی میں سرمایہ کاری کرنے والے پاکستانیوں کی خریداری کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ایف آئی اے نے اسٹیٹ بینک سے خلیجی ملک میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی منی ٹریل اور ٹیکس ریٹرن کی تفصیلات مانگ لی ہیں، اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک سے جائیدادیں خریدنے والوں کے اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئی ہیں۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے نادرا سے بھی دبئی میں جائیداد خریدنے والے پاکستانیوں کی فیملی ٹری طلب کی ہے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ہیر پھیر کر کے دبئی میں جائیداد خریدنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ خیال رہے کہ چند روز قبل جیو نیوز نے دبئی میں پاکستانیوں کی جانب سے دبئی میں 1100 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا انکشاف کیا تھا۔